اداکارہ سعیدہ امتیاز کا کہنا ہے کہ مختصر اور بولڈ لباس پہننے پر والدہ ان پر اعتراض نہیں کرتیں۔

حال ہی میں سعیدہ امتیاز نے انسٹاگرام پر مداحوں کے سوالوں کے جوابات دیے، جہاں ان سے دلچسپ سوالات کیے گئے۔

اداکارہ نے مداحوں کو خصوصی طور پر ماؤں کی جانب سے بچوں کو ڈانٹنے یا انہیں لیکچر دینے کے حوالے سے سوالات پوچھنے یا اپنی کہانی سنانے کی دعوت دی۔

اداکارہ کی جانب سے دعوت دیے جانے پر مداحوں نے منفرد سوالات پوچھنے سمیت انہیں اپنی داستانیں بھی سنائیں۔

ایک مداح کی جانب سے پوچھے جانے پر سعیدہ امتیاز نے بتایا کہ انہیں ہر طرح کے طعنے اور لیکچر سننے کو ملتے ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ والدہ انہیں پاکستانی، بھارتی، تھائی، امریکی، کشمیری، چینی اور برمی طعنے بھی دیتی ہیں۔

اداکارہ نے مزید لکھا کہ انہیں سمجھ نہیں آ رہا کہ وہ والدہ کی جانب سے ملنے والے طعنوں کی داستان کہاں سے شروع کریں۔

اسی طرح ایک مداح نے ان سے پوچھا کہ وہ ہر وقت مختصر اور بولڈ لباس پہنتی ہیں، کیا اس پر انہیں والدہ کچھ نہیں کہتیں؟

اس پر سعیدہ امتیاز نے بتایا کہ ان کی والدہ ان کی معاون ہیں اور وہ ان کے کسی بھی لباس پر کوئی اعتراض نہیں اٹھاتیں۔

اداکارہ نے لکھا کہ وہ اپنی والدہ کے لیے آج بھی بچی ہیں، وہ ان کی ہر طرح کی خریداری، لباس اور پسند سے مطمئن ہیں، یہاں تک کہ ان کی بڑی بہن بھی ان کی والدہ کے لیے پیمپر پہننے والے بچے کی طرح ہی ہیں۔

سعیدہ امتیاز نے لکھا کہ خدا نے انہیں ساتھ دینے والے اہل خانہ سے نوازا ہے، ان کی والدہ ان کے بولڈ اور مختصر لباس پر کوئی اعتراض نہیں کرتیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں