پہلگام واقعہ: فواد خان کی ’ابیر گلال‘ کے گانے اور ٹیزر یوٹیوب و انسٹاگرام سے ڈیلیٹ
پاکستانی اداکار فواد خان کی آنے والی بولی وڈ رومانٹک فلم ’ابیر گلال‘ کے گانوں اور ٹیزر کو یوٹیوب سمیت انسٹاگرام سے ڈیلیٹ کردیا گیا۔
مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں 22 اپریل کو سیاحوں پر ہونے والے حملے کے بعد پہلے ہی ’ابیر گلال‘ پر پابندی کا مطالبہ کیا جا رہا تھا اور اب پروڈکشن کمپنیز نے فلم کے ٹیزر اور گانوں کو ڈیلیٹ کردیا۔
’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق ’ابیر گلال‘ کے گانے ’خدایا عشق اور انگریجی رنگ رسیا‘ سمیت فلم کے جاری کیے گانوں کی آڈیو کو بھی یوٹیوب سے ڈیلیٹ کردیا گیا۔
فلم کے گانے میوزک پروڈکشن کمپنی ’سارے گاما‘ نے پروڈیوس کیے تھے اور کمپنی نے انہیں اپنے یوٹیوب پر بھی ریلیز کیا تھا، جہاں انہیں چند ہی گھنٹوں میں لاکھوں بار دیکھا گیا تھا۔
اسی پروڈکشن کمپنی نے فلم کے تمام گانوں کی آڈیو بھی یوٹیوب پر جاری کی تھی اور فلم کی میوزک لانچ کی تقریب 20 اپریل کو دبئی میں منعقد کی تھی لیکن اب کمپنی نے فلم کے تمام ویڈیو اور آڈیو گانوں کو یوٹیوب سمیت انسٹاگرام سے بھی ڈیلیٹ کردیا جب کہ دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے بھی انہیں ہٹا دیا گیا۔
’ابیر گلال‘ کے نہ صرف گانے بلکہ فلم کا جاری کیا گیا ٹیزر بھی پروڈکشن کمپنی ’دھرما‘ نے یوٹیوب اور انسٹاگرام سے ہٹا دیا۔
فلم کے ٹیزر کو اپریل کے آغاز میں جاری کیا گیا تھا، جسے یوٹیوب سمیت دیگر سوشل میڈیا نیٹ ورکس پر بھی شیئر کیا گیا تھا لیکن اب ٹیزر کو بھی ڈیلیٹ کردیا گیا۔
اگرچہ فلم کے ٹیزر اور گانوں کو پروڈکشن کمپنیوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے ڈیلیٹ کردیا، تاہم وانی کپور نے ابھی تک فلم کے ٹیزر کو انسٹاگرام سے ڈیلیٹ نہیں کیا۔
فلم کے گانوں اور ٹیزر کو سوشل میڈیا سے ڈیلیٹ کیے جانے کے بعد اس بات کے امکانات بڑھ گئے ہیں کہ فواد خان کی وجہ سے فلم پر پابندی لگا دی جائے یا پھر اسے بھارت میں ریلیز کی اجازت ہی نہ دی جائے۔
فلم کی ٹیم نے تاحال ’ابیر گلال‘ پر ممکنہ پابندی یا اس کی ریلیز ملتوی کرنے سے متعلق تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا، بعض حلقوں کا خیال ہے کہ فلم کی ٹیم اس کی ریلیز منسوخ کردے گی۔