کراچی: امریکی قونصلیٹ کی شکایت پر جعلسازی میں ملوث دو ملزمان گرفتار
فیڈرل انویسیٹی گیشن ایجنسی ( ایف آئی اے ) نے امریکی قونصلیٹ کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویزات پر ویزا حاصل کرنے میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی نے امریکی قونصلیٹ کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے امریکی ویزا کے حصول کے لیے جعلی میڈیکل دستاویزات فراہم کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت محمد توصیف خان اور عمران نذیر سلہری کے نام سے ہوئی، ملزمان کو امریکی قونصلیٹ کے دفتر کے باہر سے گرفتار کیا گیا، ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے طبی بنیادوں پر امریکی ویزے کے حصول کے لیے جعلی میڈیکل دستاویزات تیار کیں۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان عقیل اور تبسم ضیا نامی ایجنٹوں سے رابطے میں تھے، ابتدائی تفتیش کے مطابق عقیل نامی ایجنٹ نے ملزم توصیف سے امریکی ویزے کے حصول کے لیے 10 لاکھ روپے میں معاملات طے کیے،جبکہ ملزم عمران نذیر نے تبسم ضیاء نامی ایجنٹ سے ویزہ کے حصول کے لیے 25 لاکھ روپے میں معاملات طے کیے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق جعلی دستاویزات کی بنیاد پر امریکی قونصلیٹ کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی، ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ملزمان کی نشاندہی پر مذکورہ ایجنٹوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔