’ہمیں ہمارا گل شیر مل گیا!‘ قاسم شاہ نے شعیب منصور کیساتھ ملاقات کا تجربہ بتادیا

شائع May 18, 2025
فائل فوٹو:
فائل فوٹو:

پاکستان کے مقبول ترین فوجی ڈراموں سنہرے دن اور الفا براوو چارلی سے شہرت حاصل کرنے والے کرنل (ریٹائرڈ) قاسم شاہ نے پہلی بار انکشاف کیا ہے کہ ہدایتکار شعیب منصور سے ان کی پہلی ملاقات کیسے ہوئی، اور وہ کس طرح ڈرامے میں ”گل شیر“ جیسے مقبول کردار کے لیے منتخب ہوئے۔

کرنل (ریٹائرڈ) قاسم شاہ نے حال ہی میں بول ٹی وی کے شو ’چھٹی کے بچے آپ سے اچھے‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔

پروگرام کے دوران انہوں نے بتایا کہ ڈراما الفا براوو چارلی میں سب سے مقبول ہونے والا کردار ”گل شیر“ انہیں کس طرح ملا۔ قاسم شاہ کے مطابق یہ اس وقت کی بات ہے جب وہ پاکستان ملٹری اکیڈمی (PMA) میں کیڈٹ تھے۔ کسی وجہ سے وہ اکیڈمی میں سزا کے طور پر رُکے ہوئے تھے، جبکہ باقی کیڈٹس چھٹی پر جاچکے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ ایک دن کمانڈر صاحب نے انہیں بلایا اور کہا کہ شعیب منصور دو دن کے لیے آئے ہیں، تمہیں ان کے ساتھ رہنا ہے اور انہیں کمپنی دینی ہے۔ سابق کرنل قاسم شاہ کے مطابق، انہوں نے شعیب منصور کو اکیڈمی کے مختلف حصے دکھائے۔ اس دوران شعیب منصور مسلسل انہیں دیکھتے اور مسکراتے رہے، جس پر وہ حیران بھی ہوئے۔

قاسم شاہ نے کہا کہ میں نے شعیب منصور سے نہیں پوچھا کہ وہ اکیڈمی کا دورہ کیوں کر رہے ہیں، آیا وہ کالم لکھنے آئے ہیں، کتاب لکھ رہے ہیں یا کوئی خبر بنا رہے ہیں۔ میں تو صرف اس بات پر خوش تھا کہ بہت عرصے بعد کوئی شخص مجھ سے عزت سے بات کر رہا تھا۔

ہنستے ہوئے قاسم شاہ نے مزید بتایا کہ اس ملاقات کے بعد شعیب منصور چلے گئے اور میں یہ سب بھول گیا۔ لیکن دو ماہ بعد اچانک مجھے اکیڈمی ہیڈکوارٹر بلایا گیا، جہاں پہلے سے کئی نامور اداکار موجود تھے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پہلے مجھے لگا کہ شاید مجھ سے کوئی غلطی ہوگئی ہے، لیکن پھر مجھے ایک اسکرپٹ دیا گیا اور کہا گیا کہ اسے پڑھو۔ میں گھبرا گیا، لیکن جب ڈائیلاگ بولے تو سب بہت خوش ہوئے اور کہنے لگے، ’ہمیں ہمارا گل شیر مل گیا!‘

سابق کرنل قاسم شاہ کے مطابق، یوں انہیں ڈراما الفا براوو چارلی میں ’گل شیر‘ کا کردار ملا، جو بعد میں سب سے زیادہ مقبول کردار بن گیا۔

یاد رہے کہ شعیب منصور کی ہدایت کاری میں بننے والا یہ ڈراما آج سے تقریباً 25 سال قبل پیش کیا گیا تھا، لیکن اس کی مقبولیت آج بھی برقرار ہے۔ خاص طور پر گل شیر کی سادگی اور معصومیت نے ناظرین کے دل موہ لیے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 16 جون 2025
کارٹون : 15 جون 2025