پاکستان کےخلاف بیان پر شوبز شخصیات کی جاوید اختر پر تنقید

شائع May 19, 2025
— فائل فوٹو: انسٹاگرام
— فائل فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ کے معروف شاعر و نغمہ نگار جاوید اختر کو ایک بار پھر پاکستان مخالف بیان دینے پر شوبز شخصیات کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

گزشتہ روز ممبئی میں شیو سینا (یو بی ٹی) کے رہنما سنجے راوت کی کتاب ’نرکتلا سورگ‘ (دلدل میں جنت) کی تقریبِ رونمائی کے موقع پر جاوید اختر نے خطاب کرتے ہوئے اپنے خلاف ہونے والی تنقید اور گالم گلوچ پر بات کی۔

انہوں نے کہا کہ انہیں نہ صرف مسلمانوں بلکہ ہندوؤں کی طرف سے بھی شدید تنقید کا سامنا ہے۔

جاوید اختر کے مطابق انہیں دونوں طرف سے گالیاں ملتی ہیں، ایک طرف سے انہیں ’کافر‘ کہہ کر جہنم جانے کی دھمکیاں ملتی ہیں جبکہ دوسری طرف سے انہیں ’جہادی‘ کہہ کر پاکستان جانے کا کہا جاتا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اگر میرے پاس صرف دو آپشن ہوں، جہنم جانے کا یا پاکستان جانے کا، تو میں جہنم جانا پسند کروں گا۔

تقریب میں مہاراشٹرا کے سابق وزرائے اعلیٰ اُدھو ٹھاکرے اور شرد پوار (صدر، این سی پی-ایس پی) بھی موجود تھے۔ جاوید اختر نے مذہب اور سیاست سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بعض لوگ انہیں شدید نفرت کا نشانہ بناتے ہیں، تاہم وہ یہ بھی تسلیم کرتے ہیں کہ بہت سے لوگ ان کی حمایت بھی کرتے ہیں۔

جاوید اختر کا کہنا تھا کہ دونوں طرف کے انتہا پسند مجھے گالیاں دیتے ہیں، یہ حقیقت ہے، اگر ایک طرف سے بھی گالی دینا بند ہو جائے، تو میں اسے انوکھا سمجھوں گا اور یہ سوچوں گا کہ شاید میں نے کوئی غلطی کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں بے شک ان لوگوں کا شکر گزار ہوں جو مجھے سراہتے ہیں اور میری حوصلہ افزائی کرتے ہیں، لیکن یہ سچ ہے کہ انتہاپسند دونوں طرف سے مجھے گالیاں دیتے ہیں۔

جاوید اختر کے اس بیان پر پاکستان میں شدید ردِعمل سامنے آیا ہے۔ معروف پاکستانی شوبز شخصیات جیسے مشی خان، عمران عباس اور شرمیلا فاروقی نے جاوید اختر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

سینیئر اداکارہ مشی خان نے جاوید اختر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’آپ نے اپنے لیے بہترین جگہ کا انتخاب کیا ہے کیونکہ آپ اسی کے حقدار ہیں، اور ہاں! کبھی بھی پاکستان آنے کی ہمت نہ کیجیے گا، کوئی آپ کو مدعو نہیں کرے گا۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’جو لوگ آپ کے قدموں میں بیٹھے تھے، انہیں بھی اپنے ساتھ لے جائیے گا، ان کے ساتھ لطف اندوز ہوں اور واپس نہیں آئیے گا۔‘

اداکار عمران عباس نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ ’اگر وہ جہنم کا انتخاب نہ کرتے، تو بھی وہ وہیں جاتے، مگر شاید نچلی اکانومی کلاس میں، ہم نے انہیں صرف بزنس/پہلا درجہ دیا، ورنہ وہ کسی دوسری کلاس کے قابل نہیں تھے۔‘

اس کے علاوہ کئی دیگر پاکستانی فنکاروں اور عوامی حلقوں کی جانب سے بھی جاوید اختر کے بیان پر شدید ردعمل سامنے آرہا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 17 جون 2025
کارٹون : 16 جون 2025