کیا سارہ خان دوسرے حمل سے ہیں؟
گلوکار فلک شبیر کی جانب سے نیا فیملی ولاگ شیئر کیے جانے کے بعد ان کی اہلیہ اداکارہ سارہ خان کے دوسری بار حاملہ ہونے کی افواہیں ہیں۔
فلک شبیر نے حال ہی میں اہلیہ اور بیٹی الیانا فلک کے ہمراہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی سے ولاگ شیئر کیا، جس میں وہ اور ان کے اہل خانہ خوش دکھائی دیے۔ ویڈیو میں سارہ خان بھی بار بار دکھائی دیں جب کہ وہ بیٹی الیانا کے ہمراہ انتہائی خوش دکھائی دیں۔
ویڈیو میں بظاہر سارہ خان حاملہ نظر نہیں آتیں، ان کی جسامت معمول کے مطابق دکھائی دیتی ہے، تاہم ولاگ کے اندر ان کی بیٹی کی جانب سے کی گئی ایک بات کے بعد ان کے دوسری بار حاملہ ہونے کی افواہیں ہیں۔
ولاگ میں ایک موقع پر جب الیانا اپنے بستر پر ہوتی ہیں، تب ان سے والد فلک شبیر پوچھتے ہیں کہ دوسرا چھوٹا بے بی کہاں ہے؟
والد کے پوچھنے پر الیانا فلک بتاتی ہیں کہ دوسرا بے بی بھی ادھر ہی ہے، پھر وہ والدہ کی طرف اشارہ کرتی دکھائی دیتی ہیں۔
جب ان سے والد دوبارہ پوچھتے ہیں کہ چھوٹا بے بی کدھر ہے؟ تو وہ والدہ کے پیٹ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے بتاتی ہیں کہ چھوٹا بے بی اماں کے پیٹ میں ہے۔
الیانا فلک کے جواب اور ان سے والد کی جانب سے چھوٹے بے بی کے پوچھنے پر سارہ خان مسکراتی دکھائی دیتی ہیں جب کہ ان کی مذکورہ بات کے بعد اداکارہ کے دوسری بار حاملہ ہونے کی افواہیں ہیں۔
مذکورہ ولاگ وائرل ہونے کے بعد مداحوں نے کمنٹس کرتے ہوئے جوڑے کو مبارک باد پیش کی اور دعا کی کہ دوسرا بچہ بھی خیریت سے ہوجائے۔
مداحوں کی جانب سے مبارک باد دیے جانے کے بعد تاحال سارہ خان یا فلک شبیر نے کوئی وضاحت نہیں کی، تاہم سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے جوڑے کو مبارک باد پیش کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔
خیال رہے کہ جوڑے کے ہاں پہلی بیٹی الیانا فلک اکتوبر 2021 میں پیدا ہوئی تھیں اور اب تقریبا چار سال بعد اداکارہ کے دوبارہ حاملہ ہونے کی افواہیں ہیں۔
فلک شبیر اور سارہ خان نے جولائی 2020 میں شادی کی تھی، شادی اور بچے کی پیدائش کے بعد بھی سارہ خان ڈراموں میں دکھائی دیتی رہی ہیں۔