کراچی: بیٹی کے سامنے باپ کو قتل کرنیوالے 2 بھائی گرفتار، مرکزی ملزم مقتول کا سابق بہنوئی نکلا
کراچی کے علاقے ناظم آباد میں اسکول کے دروازے پر بیٹی کے سامنے باپ کو قتل کرنے والے 2 ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا، دونوں ملزمان سگے بھائی ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق ناظم آباد میں بیٹی کے سامنے باپ کو قتل کرنے کا معمہ پولیس نے حل کرلیا، پولیس نے شہری راشد کے قتل میں ملوث 2 سگے بھائیوں کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے بیٹی کو اسکول چھوڑنے آئے راشد کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔
فائرنگ سے مقتول کی بیٹی بھی زخمی ہوئی تھی، گرفتار دونوں ملزمان سگے بھائی ہیں، ملزم شاہد مقتول راشد کا سابقہ بہنوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کی واردات خاندانی دشمنی اور لین دین کا شاخسانہ ہے۔
واضح رہے کہ 14 مئی کو ناظم آباد گول مارکیٹ میں گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول کے گیٹ پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا، جس کے نتیجے میں باپ جاں بحق اور بیٹی شدید زخمی ہوگئی تھی۔
ریسکیو کے مطابق بچی کی عمر 10 سال تھی جو اسکول یونیفارم میں ملبوس تھی، فائرنگ کی اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوع پر پہنچ گئی تھی۔
اسکول انتظامیہ کے مطابق باپ اپنی بیٹی کو اسکول چھوڑنے آیا تھا، اسکول کے گیٹ پر ہی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، بچی کا نیا ایڈمیشن ہوا تھا، اس لیے زیادہ معلومات نہیں۔
جاں بحق شخص راشد اسٹیٹ ایجنسی چلاتا تھا، ادھیڑ عمر قاتل اسکول کے باہر کھڑا انتظار کر رہا تھا، راشد جیسے ہی اپنی بیٹی کو اسکول چھوڑنے آیا ملزم نے موٹر سائیکل سے اتر کر پہلی گولی بچی اور دوسری باپ کے سر پر ماری تھی۔