کراچی: ڈمپر نے وہیل چیئر کو روند ڈالا، معذور شخص جاں بحق
کراچی میں اسٹیل ملز موڑ پر تیز رفتار ڈمپر نے وہیل چیئر پر سوار معذور شخص کو کچل ڈالا جس کے نتیجے میں معذور شخص موقع پر جاں بحق ہوگیا،ٹریفک پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔
ڈان نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے اسٹیل ملز موڑ پر تیز رفتار ڈمپر وہیل چیئر پر سوار شخص پر چڑھ گیا، حادثے کے نتیجے میں معذور شخص موقع پر جاں بحق ہوگیا۔
حادثے کے بعد ڈمپر ڈرائیور نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم راستے سے گذرنے والوں اور ٹریفک پولیس نے گاڑیاں آگے لگاکر ڈمپر روک لیا۔
ٹریفک پولیس نے واقعے کے ذمے دار ڈمپر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا جبکہ موقع پر جمع ہونے والے مشتعل افراد نےڈمپر کے شیشے توڑ دیے۔
واضح رہے کہ کراچی میں حالیہ مہینوں میں بھاری گاڑیوں، خاص طور پر ڈمپرز اور واٹر ٹینکروں سے ٹریفک حادثات میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے، 2024 میں تقریباً 500 افراد جاں بحق اور 4,879 زخمی ہوئےتھے، اس صورتحال کے پیش نظر سندھ حکومت نے 14 فروری 2025 کو شہر میں بھاری گاڑیوں کی دن کے اوقات میں آمد و رفت پر پابندی عائد کی تھی، جو 18 اپریل کو مزید دو ماہ کے لیے بڑھا دی گئی تھی۔
اس پابندی کے تحت بھاری گاڑیاں رات 11 بجے سے صبح 6 بجے تک شہر میں داخل ہو سکتی ہیں، جبکہ ضروری اشیاء کی ترسیل کرنے والی گاڑیوں کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہے۔
خاندان