زارا نور عباس اور اسما عباس کی ڈانس کی ویڈیو وائرل
سینئر اداکارہ اسما عباس نے اپنی بیٹی معروف اداکارہ زارا نور عباس کے ہمراہ میڈم نور جہاں کے گائے ہوئے کلاسک گانے پر کتھک رقص پیش کیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
اسما عباس، جو رانجھا رانجھا کردی اور رد جیسے کامیاب ڈراموں میں کام کرچکی ہیں، پاکستان کی مایہ ناز فنکارہ ہیں، جبکہ زارا نور عباس کو عہد وفا اور خاموشی جیسے ہٹ ڈراموں کی وجہ سے شہرت حاصل ہوئی۔
ماں بیٹی کی یہ جوڑی اکثر اپنی دلکش رقص کی ویڈیوز کی بدولت سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بنی رہتی ہے۔
حال ہی میں دونوں نے چنری کی ساڑھیوں میں ملبوس ہوکر میڈم نور جہاں کے گائے ہوئے کلاسک گانے پر دل موہ لینے والا رقص پیش کیا۔
ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے زارا نور عباس نے جذباتی کیپشن میں لکھا کہ ’میری امّاں کے لیے، آپ سب سے مضبوط خاتون ہیں۔‘
اداکارہ نے کہا کہ ’آپ کی وجہ سے میں نے سیکھا کہ درد کو خاموشی سے کیسے برداشت کیا جاتا ہے، بغیر داد کے قربانی دینا اور ہر حال میں خوش اخلاقی کا مظاہرہ کیسے کرنا ہے یہ سب میں نے آپ سے سیکھا ہے۔‘
انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ’میں آپ جیسی بننا چاہتی ہوں، لیکن کبھی کبھی لگتا ہے کہ شاید آپ کو ہمارے لیے اتنی قربانیاں نہیں دینی چاہیے تھیں، یا شاید آپ کے خوابوں کی بھی کوئی اہمیت ہے۔‘