مخصوص ممبران کی حلف برداری، خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس 20 جولائی کو بلانے کا فیصلہ
خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات سے قبل گہما گہمی عروج پر پہنچ چکی ہے، صوبائی حکومت نے اسمبلی اجلاس 20 جولائی بروز اتوار کو بلانے کا فیصلہ کر لیا۔
ڈان نیوز کے مطابق اسمبلی اجلاس کے دوران مخصوص نشستوں کے ممبران سے حلف لیا جائے گا، ممبران کی حلف برداری کے بعد پیر (21 جولائی) کو سینیٹ انتخابات ہوں گے۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے کے بعد نئی پارٹی پوزیشن بھی جاری کردی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی میں جمعیت علمائے اسلام (جے یوآئی ف) اور پیپلزپارٹی کی ایک، ایک خاتون کے لیے مخصوص نشست ختم ہوگئی۔ خواتین کے لیے مخصوص ایک نشست مسلم لیگ (ن) کو مل گئی، اس طرح جے یو آئی (ف) اور مسلم لیگ(ن) کی مخصوص نشستوں کی تعداد 9،9 ہوگئی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کی مخصوص نشستوں کی تعداد5 ہوگئی ہے جبکہ اے این پی اور پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینزکی ایک، ایک مخصوص نشست ہے۔
الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن میں سنی اتحاد کونسل اور پی ٹی آئی کے تمام اراکین کو آزاد قرار دیا گیا ہے۔












لائیو ٹی وی