Dawn News Television

اپ ڈیٹ 20 جنوری 2015 05:39pm

داعش کا مغوی جاپانیوں کے بدلے تاوان کا مطالبہ

قاہرہ: اسلامک اسٹیٹ یا دولت اسلامیہ برائے عراق و شام (داعش) نے اغواء کیے گئے دو جاپانی شہریوں کی رہائی کے لیے تاوان کا مطالبہ کرتے ہوئے ادائیگی نہ ہونے کی صورت میں دونوں مغویوں کو قتل کرنے کی دھمکی دی ہے۔

جاپان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق شدت پسند گروپ کی جانب سے ریلیز کی گئی وڈیو میں ایک چاقو بردار نقاب پوش عسکریت پسند دونوں مغویوں کے درمیان کھڑا ہے، جنھوں نے نارنجی رنگ کے جمپ سوٹس پہن رکھے ہیں۔

وڈیو میں مذکورہ عسکریت پسند انگریزی زبان میں جاپانیوں سے مخاطب ہوکر کہہ رہا ہے کہ 'آپ کے پاس اپنی حکومت پر دباؤ ڈالنے کے لیے صرف 72 گھنٹے ہیں کہ وہ آپ کے شہریوں کی جانیں بچانے کے لیے دو سو ملین ڈالر تاوان ادا کردے'۔

عسکریت پسند کا کہنا تھا کہ یہ تاوان، جاپانی وزیراعظم شینزو ایب کی جانب سے اسلامک اسٹیٹ کے خلاف مشرق وسطیٰ میں جاری مہم کی حمایت اور غیر فوجی امداد کے بدلے میں مانگا گیا ہے۔

جاپانی حکومت کے ایک ترجمان نے نام ظاہر نہ کرنے شرط پر بتایا کہ انھیں اس وڈیو کا علم ہے، تاہم اس حوالے سے کوئی رائے دینے سے اعتراز کیا گیا۔

جبکہ جاپانی وزیراعظم نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے وڈیو کی صداقت کے حوالے سے بھی معاملات کا جائزہ لینے کا کہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق دونوں مغویوں کی ایک وڈیو گزشتہ برس اگست میں بھی جاری کی گئی تھی جس میں ایک شخص نے اپنا نام ہرونا یوکاوا بتایا تھا جبکہ دوسرے شخص کا نام کینجی گوٹو تھا، جو ایک وڈیو پروڈکشن کمپنی میں بطور فری لانس جرنلسٹ کام کررہا تھا اور شام میں جاری سول وار کی کوریج کے لیے وہاں موجود تھا۔

اسلامک اسٹیٹ کی جانب سے اب تک شامی اور عراقی فوجیوں سمیت متعدد غیر ملکی صحافیوں کے سر قلم کیے جا چکے ہیں ۔

تاہم جاپانی مغویوں کی حالیہ ویڈیو وہ پہلی ہے جس میں داعش کے جنگجوؤں نے رہائی کے لیے تاوان کا مطالبہ کیا ہے۔

Read Comments