Dawn News Television

اپ ڈیٹ 27 اپريل 2015 01:30pm

'سینیئرز ذمہ داری نہیں اٹھا سکتے توکرکٹ چھوڑ دیں'

پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے سینئرز کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر سینئر کھلاڑی ذمے داری نہیں اٹھا سکتے تو کرکٹ چھوڑ دیں۔

بنگلہ دیش کے شہر میرپور میں منعقد کیے گئے واحد ٹی ٹونٹی میچ میں بنگال ٹائیگرز کے ہاتھوں 7 وکٹوں سے بھاری شکست کھانے والی پاکستانی ٹیم کے کپتان سینیئر کھلاڑیوں کی مایوس کن کارکردگی کے بعد ان کے مستقبل کے بارے میں سوچنے پر مجبور ہوگئے۔

ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور تجربہ کار آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی کا کہنا تھا کہ سینیئر کھلاڑیوں کو یا تو اپنے کھیل کا معیار بہتر بنانا چاہیے یا پھر انھیں اپنا عہدہ چھوڑ کر نئے کھلاڑیوں کو ٹیم میں آنے کا موقع دینا چاہیے۔

آفریدی نے ٹی ٹونٹی میں شکست پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ خود بھی ٹیم پر بوجھ نہیں بننا چاہتے اور اگر ضرورت پڑی تو اس فارمیٹ سے بھی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016 سے پہلے ہی ریٹائر ہوجائیں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016 سے پہلے بھرپور موقع دیا جائے گا اور ان کی یہ کوشش ہوگی کہ ایک حتمی اسکواڈ تشکیل دیا جائے۔

شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ اگر وہ خود بھی پرفارم نہیں کرپائے ٹو ٹیم کی باگ دوڑ نوجوانوں کے ہاتھوں میں دے کر رخصت ہوجائیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم کو بنگلہ دیش کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز میں 3-0 کے وائٹ واش کی خفت کا سامنا کرنا پڑا جبکہ واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی بنگلہ دیشی ٹیم فاتح رہی۔

جس کے بعد چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) شہریار خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ کا پورا سسٹم ہی خراب ہے، انھوں نے دورہ بنگلہ دیش کے بعد ٹیم میں تبدیلیوں کا امکان بھی ظاہر کیا۔

مزید پڑھیں:پاکستان کرکٹ کا پورا سسٹم خراب ہے، شہریار

شہریار خان نے بنگلہ دیش سے شکست کو "صرف ہار نہیں بری ہار" قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کرکٹ کی ناکامی کی سب سے بڑی وجہ آرگنائزیشن، کوچنگ اور فٹنس کے نظام میں خرابی ہے۔

Read Comments