کھیل

زخمی وہاب اور حارث کے متبادل کا اعلان

پی سی بی نے دورہ سری لنکا میں زخمی ہونے والے وہاب ریاض اور حارث سہیل کے متبادل کا اعلان کردیا۔

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے دورہ سری لنکا کے دوران انجری کا شکار ہونے والے فاسٹ باؤلر وہاب ریاض اور بلے باز حارث سہیل کی راحت علی اور بابر اعظم کا متبادل کے طور پر اعلان کردیا ہے۔

مڈل آرڈ بلے باز حارث سہیل سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل انجری کا شکار ہو گئے تھے جس کے باعث ڈاکٹرز نے انہیں دو ہفتے آرام کا مشورہ دیا تھا۔

فاسٹ باؤلر وہاب ریاض کولمبو میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن بیٹنگ کرتے ہوئے زخمی ہو گئے تھے۔

دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان کی پہلی اننگز میں بیٹنگ کے دوران وہاب ریاض کے بائیں ہاتھ پر سری لنکا کے فاسٹ بالر دشمنتا چمیرا کی گیند لگی۔

29 سالہ باؤلر نے 9 اوورز کرائے تاہم تکلیف کے باعث انھیں گراؤنڈ سے بھیج دیا گیا اور ایکسرے کے بعد ان کے ہاتھ میں ہیئرلائن فریکچر کی تشخیص ہوئی اور وہ اب کم از کم دو ہفتوں تک کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے دونوں کھلاڑیوں کے زخمی ہونے پر تیسرے ٹیسٹ میچ کیلئے ان کے متبادل کا اعلان کردیا ہے۔

وہاب ریاض کی جگہ بائیں ہاتھ کے ہی ایک اور فاسٹ باؤلر راحت علی کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے جو حال ہی میں انجری سے صحتیاب ہوئے ہیں۔

پی سی بی نے حارث سہیل کی جگہ نئے ابھرتے ہوئے بلے باز بابر اعظم کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا ہے جنہوں نے ابھی تک اپنا ٹیسٹ ڈیبیو نہیں کیا۔

ذرائع کے مطابق دونوں کھلاڑی اتوار کو سری لنکا کے لیے روانہ ہوں گے۔