Dawn News Television

اپ ڈیٹ 26 جولائ 2015 10:05pm

سلمان خان کا یو ٹرن

بولی وڈ سپر سٹار سلمان خان نے 1993، ممبئی بم دھماکوں کے ملزم کے بھائی یعقوب میمن سے متعلق اپنی ٹوئٹس واپس لیتے ہوئے غیر مشروط معافی مانگ لی۔

سلمان خان نے اتوار کو ٹوئٹر پر پیغامات میں یعقوب میمن کو بے گناہ قرار دیتے ہوئے دھماکوں کے اصل ذمہ دار ٹائیگر میمن کو گرفتار کر کے پھانسی دینے کا مطالبہ کیا تھا۔

سلمان کا کہنا تھا کہ ' ایک بے گناہ شخص کو قتل کرنا پوری انسانیت کے قتل کے مترادف ہے۔ ٹائیگر کو پکڑا جائے اور پھانسی دی جائے‘۔

ہندوستانی حکام کے مطابق ممبئی بم دھماکوں کے پیچھے ٹائیگر میمن سمیت داؤد ابراہیم اور اس کا بھائی انیس ابراہیم ملوث ہیں۔

بولی وڈ اسٹار نے ٹائیگر میمن کو لومٹری قرار دیتے ہوئے بھائی کی سزائے موت پر خاموش رہنے پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

سلمان خان کی ٹوئٹس پر ہندوستان کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور سلمان کے والد سلیم خان نے سخت ردعمل ظاہر کیا۔

سلیم نے اپنے بیٹے کی ٹوئٹس کو بے معنی قرار دیا جب کہ بی جے پی نے ان سے اپنا بیان واپس لینے کا مطالبہ کیا۔

بی جے پی کے ممبئی یونٹ نے سلمان کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کرتے ہوئے ہٹ اینڈ رن کیس میں ان کی ضمانت منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔

سلمان نے احتجاج کے بعد اپنی نئی ٹوئٹس میں بتایا کہ وہ والد سے بات کرنے کے بعد اپنا بیان واپس لے رہے ہیں۔

سلمان کے مطابق، انہوں نے یعقوب کو بے گناہ نہیں کہا اور غلط فہمی پیدا ہونے کی وجہ سے وہ غیر مشروط معافی مانگتے ہیں۔

Read Comments