Dawn News Television

شائع 29 ستمبر 2015 06:48pm

سائٹ بند ہونے پر فیس بک کی معذرت

فیس بک نے اپنے ڈیڑھ ارب صارفین سے معذرت کی ہے جنھیں گزشتہ شب ' کونفیگرریشن مسئلے' کے باعث 40 منٹ تک سماجی رابطے کی اس ویب سائٹ کو استعمال کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ ستمبر کے دوران تیسرا جبکہ ایک ہفتے کے دوران دوسری بار تھا جب فیس بک عارضی طور پر بند ہوگئی جس پر صارفین کی جانب سے سخت ردعمل بھی سامنے آیا۔

ویب سائٹ ڈاﺅن ہونے کے نتیجے میں فیس بک کے شیئرز کی مالیت میں بھی چار فیصد کی کمی دیکھنے میں آئی۔

فیس بک کے ایک ترجمان کے مطابق ' ہم صارفین کو مشکلات پیش آنے پر معذرت کرتے ہیں'۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ایسا ' کونفیگریشن مسائل' کے باعث ہوا۔

پاکستانی وقت کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب بارہ بجے کے بعد صارفین اپنے اکاﺅنٹس میں لاگ ان کی کوشش کرتے تو ان کا استقبال ایک ایرر میسج کرتا جس کی تصویر آپ نیچے دیکھ سکتے ہیں۔

اسکرین شاٹ

فیس بک کی سائٹ عارضی طور پر بند ہونے کے نتیجے میں دنیا بھر میں کروڑوں افراد متاثر ہوئے تاہم فیس بک کی میسجنگ سروس اس مسئلے کا شکار نہیں ہوئی تھی۔

صارفین نے ٹوئٹر کو استعمال کرتے ہوئے اپنی ناخوشی کا اظہار کیا ، بیشتر نے اس پر ہلکے پھلکے مذاق پر مبنی پیغامات پوسٹ کیے۔

اس سے قبل 24 ستمبر یعنی جمعرات کو بھی فیس بک کی سائٹ 12 منٹ تک بند رہی تھی جبکہ 17 ستمبر کو بھی ایسا 5 منٹ کے لیے ہوا۔

Read Comments