Dawn News Television

شائع 01 دسمبر 2015 02:29pm

آئی سی سی کا 'ڈی آر ایس' کی غلطی کا اعتراف

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان تاریخی ٹیسٹ میچ میں تھرڈ امپائر نیجل لانگ کو ناتھن لیون کے خلاف اپیل پر ڈسیژن ریویو سسٹم (ڈی آر ایس) کے ذریعے غلط فیصلہ دینے کا اعتراف کرلیا۔

کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق"آئی سی سی نے فیصلےکا جائزہ لیا اور اس میں غلطی کا اعتراف کیا ہے"۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ "امپائر کی جانب سے صحیح طریقہ کار کا انتخاب کیا گیا لیکن فیصلہ غلط تھا"۔

واضح رہے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان حال ہی میں کھیلے گئے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں کیوی اسپنر مچل سیٹنر کی جانب سے آسٹریلوی بیٹسمین ناتھن لیون کے خلاف اپیل کو امپائر نے رد کردیا تھا حالانکہ گیند کو بلے سے چھوتے ہوئے دکھایا گیا تھا جس پر ڈی آرایس نظام پر زبردست تنقید کی گئی تھی۔

نیوزی لینڈ کے کپتان مک کولم، تجربہ کار بلے باز روس ٹیلراور کوچ مائیک ہیسن کی جانب سے اس فیصلے پر سخت ردعمل آیا تھا کیونکہ یہ وکٹ نیوزی لینڈ کے لیے بہت اہم تھی۔ اس وقت آسٹریلیا کا اسکور نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز کے اسکور 202 رنز کے جواب میں 8 وکٹوں پر 118 رنز تھا اور آسٹریلیا نے آخری دووکٹوں میں 108 رنز بنائے تھے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے اس فیصلے پر آئی سی سی سے وضاحت مانگی تھی.

مزید پڑھیں: نیوزی لینڈ نے آئی سی سی سے جواب طلب کر لیا

اولین ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین وکٹوں سے شکست دی تھی۔

Read Comments