Dawn News Television

شائع 19 جنوری 2016 05:30pm

’’جمعہ عبادت کا دن ہے چھٹی کا نہیں‘‘

اسلام آباد: جماعت اسلامی نے ہفتہ وار تعطیل اتوار کے بجائے جمعہ کو کرنے کی قرارداد قومی اسمبلی میں پیش کی ہے جس پر وفاقی وزراء کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ نماز جمعہ چھٹی کے بغیر بھی پڑھی جاسکتی ہے، اسلام میں چھٹی کا حکم نہیں ہے۔

جماعت اسلامی کے رکن صاحبزادہ طارق اللہ نے بدھ کو قومی اسمبلی میں قرار پیش کی ہے کہ ملک میں ہفتہ وار تعطیل جمعہ کو مقرر کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ جمعہ بابرکت اور مسلمانوں کی عبادت کا دن ہے، 1977 میں قومی اسمبلی نے جمعہ کو چھٹی کی قرارداد منظور کی تھی جبکہ بہت سے اسلامی ممالک میں جمعہ کو ہفتہ وار چھٹی ہوتی ہے۔

جماعت اسلامی کی خاتون رکن قومی اسمبلی عائشہ سید کا کہنا تھا کہ ملک میں صرف کاروباری طبقہ جمعہ کی چھٹی کامخالف ہے جبکہ جمعہ کی چھٹی نہ ہونے سے ملک میں آفات نازل ہورہی ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی نفیسہ خٹک نے کہا کہ جمعہ کی چھٹی اچھی بات ہے۔

حکومتی جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی کپٹن (ر) صفدر کا کہنا تھا کہ جمعہ کی چھٹی کے لیے قرارداد خیبرپختونخوا اسمبلی میں پیش ہونی چاہیے کیونکہ کے پی کے میں مذہبی رجحان زیادہ پایا جاتا ہے۔

اس موقع پر وزیرمذہبی امور سردار یوسف نے کہا کہ عوام کو نمازوں کی ادائیگی کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کے لیے نظام صلوٰۃ نافذ کرنے پر غور کر رہے ہیں، جمعہ عبادت کا دن ہے چھٹی کا نہیں، جمعہ کو کام پر ہوتے ہوئے بھی لوگوں کے پاس نماز کی ادائیگی کے لے کافی وقت ہوتا ہے، اس بات کی کیا ضمانت ہے کہ اگر چھٹی کر بھی دی جائے لوگ جمعہ کی نماز نہیں چھوڑیں گے۔

وزیرمملکت شیخ آفتاب اور قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے تجویز دی کہ جمعہ کو چھٹی کا معاملہ وزرات داخلہ کو بھجوا دیا جائے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جمعہ کی نماز چھٹی کے بغیر بھی پڑھی جاسکتی ہے، اسلام میں چھٹی کا حکم نہیں ہے، اس کے برعکس قرآن میں جمعہ کی نماز کے بعد اللہ کے فضل کی تلاش کرنے کا حکم ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہفتہ وار چھٹی کوئی مذہبی معاملہ نہیں ہے ہمیں تو ہفتہ کے سات روز کام کرنا چاہئیے، اصل عبادت تو رزق حلال کا حصول ہے۔

بحث کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے جمعہ کے روز عام تعطیل کا معاملہ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے سپرد کردیا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

Read Comments