Dawn News Television

اپ ڈیٹ 10 فروری 2016 03:44pm

بدمست ہاتھی کااشتعال،100گھروں کونقصان

کلکتہ: ہندوستان کی ریاست مغربی بنگال کے ایک رہائشی علاقے میں جنگل سے آنے والے ہاتھی نے 100 گھروں کو نقصان پہنچا دیا.

مغربی بنگال میں بیکونتھا پور کے جنگل سے ایک ہاتھی سیلیگوڑی کے رہائشی علاقے میں گھس آیا۔

دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق 'غضب ناک ہاتھی' نے پہلے گبگرام اور پھولبیری کے علاقے میں گھروں کو نقصان پہنچایا۔

ہاتھی کی گھروں پر چڑھائی سے مقامی افراد خوفزدہ ہو کر پہلے ادھر ادھر بھاگنے لگے بعد ازاں محکمہ جنگلات کے افراد اس علاقے میں پہنچے اور ہاتھی کو دوبارہ جنگل کی طرف لے جانے کی کوشش کی مگر ان کا اس میں کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔

پولیس نے اس موقع پر موجود ہجوم کو ہاتھی کو مزید خوف زدہ کرنے سے روکا تاکہ وہ مشتعل ہو کر رہائشیوں کو نقصان نہ پہنچا دے۔

ہاتھی کے حملے سے کئی عمارتوں کی دیواریں توٹ گئیں جبکہ متعدد مکانوں کے ستون بھی گرگئے.

بعد ازاں محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے نشہ آور گولیوں سے ہاتھی کو نشانہ بنایا تاکہ اسے بے ہوش کرکے دوبارہ جنگل منتقل کیا جا سکے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

Read Comments