دنیا

کشمیر: 23 مارچ پر پاکستانی پرچم لہرا دیا گیا

دختران ملت نےسرنگر سمیت کشمیر کے مختلف علاقوں میں یوم پاکستان کی تقریبات کے سلسلے میں ایک بار پھر پاکستانی پرچم لہرایا۔

سرنگر: ہندوستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں 23 مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر ایک بار پھر پاکستانی پرچم لہرا دیا گیا۔

جموں کشمیر میں آسیہ اندرابی کی سربراہی میں دختران ملت کی کارکنوں نے سری نگر میں مختلف مقامات پر پاکستانی پرچم لہرائے۔

ہندوستانی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پاکستانی پرچم وادی کے مختلف مقامات پر لہرایا گیا۔

رپورٹس میں مزید دعویٰ کیا گیا کہ آسیہ اندرابی کے حامیوں نے مختلف جگہوں پر پاکستانی پرچم لگائے تھے۔

مزید پڑھیں: پاکستانی پرچم لہرانے پر آسیہ اندرابی پر مقدمہ درج

کشمیر مونیٹرز کی ایک رپورٹ کے مطابق دختران ملت کی کارکنوں نے سری نگر کے علاقے خان یار، ناوہاٹا، راجواری کادال، ودود پل، صافا کادال اور فتح کادال کے مقامات پر پاکستانی پرچم لہرایا تھا۔

اس کے علاوہ سری نگر کے اطراف کے علاقوں حضرت بل، حیدرپورہ اور ناٹی پورہ میں بھی پاکستانی پرچم لہرایا گیا۔

پولیس نے پاکستانی پرچم لہرائے جانے پر کارروائی کرتے ہوئے اسے اتار دیا اور پرچم لگانے والوں کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی پرچم لہرانے پر حریت رہنما گرفتار

دختران ملت کی کارکن سری نگر میں پاکستانی پرچم لہرا رہی ہیں— فوٹو: بشکریہ کشمیر مونیٹرز

یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ جموں کشمیر میں یوم پاکستان کے موقع پر پاکستانی پرچم لہرایا گیا ہے گزشتہ سال دختران ملت کی جانب سے 23 مارچ اور 14 اگست کو پاکستانی پرچم لہرایا گیا تھا۔

دختران ملت کی سربراہ آسیہ انداربی کو اسی سال غیر قانونی سرگرمیوں کے حوالے سے موجود ایک قانون کے تحت مقدمے میں نامزد کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ 16 اپریل 2015 کو حریت رہنما سید علی گیلانی کی نئی دہلی سے واپسی پر ان کی تنظیم نے ایک ریلی کے دوران پاکستانی پرچم لہرایا تھا۔

مزید پڑھیں: پاکستانی پرچم لہرانے میں کوئی حرج نہیں، مسرت عالم

اس واقعے کے بعد پولیس نے مسرت عالم کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان کو حراست میں لے لیا تھا۔

اس کے علاوہ مقدمے میں سید علی گیلانی اور بشیر احمد بھٹ عرف پیر سیف اللہ کو بھی نامزد کیا گیا تھا۔

بی جے پی نے پاکستانی سفیر عبدالباسط کو آئی ایس آئی کا ایجنٹ قرار دیدیا

ادھر نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن میں یوم پاکستان کی تقریب میں حریت رہنماؤں کو مدعو کرنے پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے پاکستانی سفیر عبدالباسط کو آئی ایس آئی کا ایجنٹ قرار دے دیا ہے۔

بی جے پی کے رہنماؤں نے پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کی جانب سے حریت رہنماؤں سید علی گیلانی، میر واعظ عمرفاروق اور آسیہ اندرابی کو بلانے پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔

انتہا پسند ہندو رہنما روندر رائینا نے پاکستانی ہائی کمشنر پر آئی ایس آئی کا ایجنٹ ہونے کا الزام عائد کیا۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیر میں ایک مرتبہ پھر پاکستانی پرچم لہرادیا گیا

پاکستانی سفیر عبدالباسط کا کہنا تھا کہ حریت رہنماوں کو تقریب میں مدعو کرنا پرانی روایت ہے۔

حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے اس موقع پر پاکستان کو مسئلہ کشمیر میں ایک فریق قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ اس مسئلے کا فوری حل نکالا جائے۔

نئی دہلی کے پاکستانی ہائی کمیشن میں یوم پاکستان کے موقع پر ہونے والی خصوصی تقریب میں بچوں نے ملی نغمے پیش کیے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔