Dawn News Television

اپ ڈیٹ 30 اگست 2016 10:46am

دپیکا کا باڈی گارڈ اچانک سے 'مشہور'

ممبئی: بولی وڈ سلیبرٹیز جب تقریبات، میڈیا ایونٹس یا ایوارڈز فنکشنز میں جاتی ہیں تو ان کی ٹیم کے اراکین یا باڈی گارڈز ان کے ساتھ ہی ہوتے ہیں، لیکن ایسا شاذونادر ہی ہوتا ہے کہ کسی سلیبرٹی کا باڈی گارڈ بھی خبروں کی زینت بن جائے۔

دپیکا پڈوکون کے باڈی گارڈ جلال بھی ایسے ہی ایک انسان ہیں، جو آج کل خبروں میں کافی 'اِن' ہیں۔

حال ہی میں دپیکا پڈوکون نے رکشا بندھن تہوار کے موقع پر اپنے باڈی گارڈ جلال کو راکھی باندھی۔

دپیکا نے اس حوالے سے انسٹاگرام پر ایک بومیرانگ (Boomerang) ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں وہ بظاہر جلال کو راکھی باندھتے ہوئے نظر آئیں، جس کے ساتھ انھوں نے 'تھینک یو جلال' کا کیپشن بھی دیا۔

واضح رہے کہ بومیرانگ ایپ کے ذریعے ویڈیو میں ایک ہی تصویر کو بغیر کسی وقفے کے آگے پیچھے حرکت کرتے ہوئے دکھایا جاتا ہے اور مذکورہ ویڈیو میں بھی ایسا محسوس ہورہا ہے کہ جیسے دپیکا، جلال کو راکھی باندھ کر فوراً ہی اتار رہی ہیں، لیکن جو بھی ہو اس ویڈیو سے جلال 'مشہور' ضرور ہوگیا۔

ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ دپیکا کی اس پوسٹ کے بعد جلال راتوں رات مشہور ہوگیا اور اس کے دوست احباب نے اسے فون کرکے اس حوالے سے مزید معلومات بھی حاصل کرنے کی کوشش کی۔

ذرائع کے مطابق جلال کو سوشل میڈیا پر بھی مقبولیت حاصل ہورہی ہے اور دپیکا کے فین کلب کے ممبرز اب جلال کو بھی فیس بک اور انسٹاگرام پر فالو کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:دپیکا پڈوکون نے ہولی وڈ اداکاراﺅں کو پیچھے چھوڑ دیا

دوسری جانب رپورٹس کے مطابق دپیکا کے ترجمان نے بھی تصدیق کی کہ 'جلال دپیکا کے ساتھ کچھ عرصے سے کام کر رہاہے اور وہ اداکارہ کے اس عمل پر بہت ممنون ہے'۔

دپیکا پڈوکون کی ہولی وڈ ڈیبیو فلم ’ٹرپل ایکس‘ اگلے سال جنوری میں سنیما گھروں کی زینت بنے گی، جبکہ ان دنوں وہ سنجے لیلا بھنسالی کی آنے والی فلم ’پدماوتی‘ میں بھی کام کر رہی ہیں۔

Read Comments