Dawn News Television

اپ ڈیٹ 02 ستمبر 2016 09:47pm

ذی الحج کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان

کراچی: مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے ذی الحج کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کردیا۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ملک کے کسی حصے سے ذی الحج کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت نہیں ملی، لہٰذا یکم ذی الحج 4 ستمبر بروز اتوار اور عید الاضحیٰ 13 ستمبر بروز منگل کو ہوگی۔

تصاویر دیکھیں: عید کیلئے قربانی کے جانور آنا شروع

ان کا کہنا تھا کہ چاند کی رویت کا فیصلہ اتفاق رائے سے کیا گیا، جبکہ محکمہ موسمیات کے تمام مراکز سے بھی چاند کی عدم رویت کی رپورٹس ملیں۔

قبل ازیں ذی الحج کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی، جبکہ زونل کمیٹیوں کا اجلاس اسلام آباد، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں عید الاضحیٰ، سنت ابراہیمی پر عمل جاری

ہندوستان میں بھی ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا، جس کے باعث وہاں بھی عید الاضحیٰ 13 ستمبر کو منائی جائے گی۔

Read Comments