Dawn News Television

شائع 20 ستمبر 2016 10:01pm

مائیکروسافٹ نے ایک سستا موبائل متعارف کرادیا

مائیکرو سافٹ نے نوکیا کا ایک اور موبائل متعارف کرا دیا ہے جو کہ ممکنہ طور پر اس برانڈ کے لیے اس کا آخری ماڈل ہوگا۔

مائیکروسافٹ نے نوکیا 216 فون متعارف کرایا ہے جو ویب براﺅزنگ کے ساتھ ساتھ طاقتور بیٹری کا بھی حامل ہے جو ایک ماہ تک اسٹینڈ بائی رہ سکتی ہے۔

یہ نیا فون 37 ڈالرز (لگ بھگ چار ہزار پاکستانی روپے کے قریب) کا ہے اور اس میںڈوئل سم کارڈ فیچر رکھا گیا ہے۔

اس فون کی اسکرین 2.4 انچ کیو وی جی اے ہے، مائیکرو ایس ڈی کارڈ سلاٹ، 1020 ایم اے ایچ بیٹری کے ساتھ اٹھارہ گھنٹے تک لگاتار بات کی جاسکتی ہے جبکہ دو وی جی اے کیمرہ بھی دیئے گئے ہیں۔

مائیکرو سافٹ کا کہنا ہے کہ اس طرح کے فیچر فونز ابھرتی ہوئی مارکیٹوں میں اب بھی بہت زیادہ مقبول ہیں خاص طور پر پاکستان، انڈیا اور ایسے ہی دیگر ممالک میں۔

کمپنی کو توقع ہے کہ اس فون کی فروخت بھی کافی اچھی ثابت ہوگی۔

خیال رہے کہ مائیکروسافٹ نے 2014 میں نوکیا کے فونز بزنس اور لومیا برانڈ کو خریدا تھا اور اسے دس سال تک کے لیے نوکیا کے پلانٹس، پیٹنٹس اور فون برانڈز کے حقوق ملے تھے۔

مائیکرو سافٹ نے لومیا اسمارٹ فونز سے نوکیا کا نام نکال کر انہیں ونڈوز فون بنا دیا تھا تاہم کامیابی نہ ملنے پر اس نے یہ بزنس ایک کمپنی ایف آئی ایچ موبائل کو فروخت کردیا تھا۔

اب ممکنہ طور پر یہ مائیکروسافٹ کی جانب سے آخری موبائل فون ہے جسے اکتوبر میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

Read Comments