Dawn News Television

شائع 19 اکتوبر 2016 08:27pm

ڈیرن براوو کو ویسٹ انڈیز کی مزاحمت پر فخر

ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلےباز ڈیرن براوو کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم مزاحمت کے بعد پاکستان کو دبئی میں شکست دے سکتی تھی۔

ڈیرن براوو نے پاکستان کے خلاف ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں 310 منٹ کی طویل بیٹنگ میں 116 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی اور ان کے آؤٹ ہوتے ہی ویسٹ انڈیز کی ٹیم 56 رنز سے میچ ہار گئی تھی۔

براوو کا کہنا تھا کہ ان کا منصوبہ پورے دن کھیلنا اور آخری سیشن میں جارحانہ موڈ اپنانا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'یہ ایک ایسا لمحہ تھا جہاں میں پورا دن کھیلنا چاہتا تھا اسی طرح جتنا زیادہ وقت میں نے وکٹ پر گزارا جس کی وجہ سے پاکستانی دباؤ کا شکار تھے'۔

انھوں نے اپنی ٹیم کی مزاحمت کی تعریف کی۔

مزید پڑھیں: پاکستان ایشیاکے پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کافاتح

براوو نے کہا کہ 'میرے خیال میں یہ شاندار کوشش تھی، کھلاڑیوں نے پورے ٹیسٹ میچ میں بھرپور مزاحمت کی، یہاں تک کہ پہلے دو دن بھی جب ہم نے مکمل طورپر ناقص کھیلا تھا'۔

پاکستان کو دوسری اننگز میں 123 رنز پر آؤٹ کرنے والے دیوندرا بشو کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ 'بشو نے دوسری اننگز میں ہمیں برتری کے لیے ہمارا پلڑا بھاری رکھا'۔

ڈیرن براوو کا کہنا تھا کہ وہ اظہرعلی کی 302 رنز کی اننگز میں کریز پر دیر تک کھڑے رہنے سے متاثر ہوئے تھے۔

'مجھے یہ احساس ہوا کہ آپ جتنا وقت اندر گزارتے ہیں اسی طرح آپ زیادہ رنز کریں گے، اظہر نے ایک ٹرپل سنچری بنائی، انھوں نے ایک بہت زیادہ لمبی بیٹنگ کی'۔

یہ خبر 19 اکتوبر کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

Read Comments