Dawn News Television

شائع 21 اکتوبر 2016 07:09pm

ایشین ہاکی چمپیئن شپ میں پاکستان کی پہلی فتح

پاکستان نے ایشین ہاکی چمپیئن شپ کے دوسرے میچ میں جنوبی کوریا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 0-1 سے شکست دے کر اہم کامیابی حاصل کرلی۔

ملائیشیا کے شہر کوانٹن میں جاری 6 ملکی ایشین ہاکی چمپیئن شپ میں پاکستان نے جنوبی کوریا کےخلاف جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم پہلے تینوں ہاف میں گول میں کامیاب نہ ہوسکا۔

دفاعی چمپیئن پاکستان نے پہلے میچ میں ملائیشیا کے ہاتھوں شکست کے بعد اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تاہم جنوبی کوریا کے گول کیپر نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام کوششیں زائل کردیں۔

دوسری جانب جنوبی کوریا نے بھی اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن پاکستان کے گول کیپر نے انھیں برتری حاصل کرنے کا کوئی موقع نہیں دیا۔میچ کے چوتھے ہاف کے آخری 30 سیکنڈز میں پاکستان کی جانب سے عبدل خان نے شاندار گول کرکے ٹیم کی فتح کو یقینی بنادیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایشین چیمپیئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں پاکستان ناکام

پاکستان کو پہلے میچ میں ملائیشیا نے 2-4 سے شکست دی تھی تاہم قومی ٹیم نے دوسرے میچ میں کامیابی حاصل کرکے پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

ہندوستان ایک کامیابی کے ساتھ سرفہرست جبکہ میزبان ملائیشیا دوسرے نمبر پر ہے۔

چمپیئن شپ میں پاکستان کے علاوہ ہندوستان، ملائیشیا، چین، جنوبی کوریا اور جاپان کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔

قومی ٹیم ٹورنامنٹ میں تیسرا میچ اتوار کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گی۔

Read Comments