ایشین ہاکی چمپیئن شپ میں پاکستان کی پہلی فتح

21 اکتوبر 2016
پاکستان نے جنوبی کوریا کو شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی—فوٹو:ایشین ہاکی فیڈریشن ٹویٹر
پاکستان نے جنوبی کوریا کو شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی—فوٹو:ایشین ہاکی فیڈریشن ٹویٹر

پاکستان نے ایشین ہاکی چمپیئن شپ کے دوسرے میچ میں جنوبی کوریا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 0-1 سے شکست دے کر اہم کامیابی حاصل کرلی۔

ملائیشیا کے شہر کوانٹن میں جاری 6 ملکی ایشین ہاکی چمپیئن شپ میں پاکستان نے جنوبی کوریا کےخلاف جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم پہلے تینوں ہاف میں گول میں کامیاب نہ ہوسکا۔

دفاعی چمپیئن پاکستان نے پہلے میچ میں ملائیشیا کے ہاتھوں شکست کے بعد اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تاہم جنوبی کوریا کے گول کیپر نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام کوششیں زائل کردیں۔

دوسری جانب جنوبی کوریا نے بھی اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن پاکستان کے گول کیپر نے انھیں برتری حاصل کرنے کا کوئی موقع نہیں دیا۔ میچ کے چوتھے ہاف کے آخری 30 سیکنڈز میں پاکستان کی جانب سے عبدل خان نے شاندار گول کرکے ٹیم کی فتح کو یقینی بنادیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایشین چیمپیئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں پاکستان ناکام

پاکستان کو پہلے میچ میں ملائیشیا نے 2-4 سے شکست دی تھی تاہم قومی ٹیم نے دوسرے میچ میں کامیابی حاصل کرکے پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

ہندوستان ایک کامیابی کے ساتھ سرفہرست جبکہ میزبان ملائیشیا دوسرے نمبر پر ہے۔

چمپیئن شپ میں پاکستان کے علاوہ ہندوستان، ملائیشیا، چین، جنوبی کوریا اور جاپان کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔

قومی ٹیم ٹورنامنٹ میں تیسرا میچ اتوار کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں