میلبرن: محمد حفیظ اور شعیب ملک کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے آسٹریلیا کو دوسرے ایک روزہ میچ میں چھ وکٹ سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔
یہ پاکستان کی 12 سال بعد آسٹریلیا میں کسی بھی ایک روزہ میچ میں فتح ہے۔
میلبرن میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا نے ایک مرتبہ پھر ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
اوپنر عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر نے ٹیم کو 31 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اسی اسکور پر جنید خان نے وارنر اور عثمان دونوں کو یکے بعد دیگرے پویلین بھیج کر آسٹریلین بیٹنگ لائن کو دھچکا لگایا۔
ابھی آسٹریلین ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ محمد عامر نے مچل مارش کو گولڈن ڈک کی خفت سے دوچار کر کے پاکستان کو تیسری کامیابی دلائی۔
اس کے بعد ٹریوس ہیڈ اور اسٹیون نے 45 رنز کی شراکت قائم کر کے اسکور 86 تک پہنچایا لیکن حسن علی نے جارحانہ بیٹنگ کرنے والے ہیڈ کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔
گلین میکس ویل گزشتہ میچ کی طرح اس میچ میں بھی اچھی فارم میں نظر آئے اور انہوں نے اسمتھ کے ساتھ پانچویں وکٹ کیلئے 42 رنز جوڑے لیکن عماد وسیم نے 23 کے انفرادی اسکور پر ان کی وکٹیں بکھیر دیں۔
پانچ وکٹیں گرنے کے بعد پہلے میچ کے مرد میدان گلین میکس ویل کی وکٹ پر آمد ہوئی اور انہوں نے اپنی کارکردگی کو دہراتے ہوئے کپتان اسمتھ کے ساتھ عمدہ شراکت قائم کی۔