Dawn News Television

شائع 21 جنوری 2017 01:51pm

شکیب نے کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کو دلچسپ بنا دیا

بنگلہ دیش نے کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کے دوسرے روز کے آخری لمحات میں شکیب الحسن کی 3 وکٹوں کی مدد سے نیوزی لینڈ کے سات بلے بازوں کو 260 رنز پر پویلین بھیج کر میچ کو دلچسپ بنا دیا ہے۔

کرائسٹ چرچ میں نیوزی لینڈ نے دوسرے روز کا کھیل شروع کیا تو ان کا پہلا ہدف مہمان بنگلہ دیش کے پہلی اننگز کے اسکور 289 کو برابر کرنا تھا۔

جیت راول اور ٹام لیتھام نے 45 رنز کا آغاز فراہم کیا اور راول 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ صرف دو رنز کے اضافے کے بعد کین ولیمسن بھی قمرالاسلام کا شکار بن کر پویلین لوٹ گئے۔

لیتھام اور روس ٹیلر نے تیسری وکٹ کے لیے 106 رنز کا اضافہ کرتے ہوئے ٹیم کے مجموعے کو 153 رنز تک پہنچادیا لیکن لیتھام 68 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

تجربہ کار بلےباز روس ٹیلر77 رنز بنا سکے اور 177 کے مجموعے پر مہدی حسن میراز کی وکٹ بنے۔

بنگلہ دیش کے روبیل حسین نے ٹیلر کا ایک ناممکن کیچ کو تھامنے کی ناکام کوشش کی—فوٹو: اے ایف پی

ٹیلر کے آؤٹ ہونے کے بعد ہنری نیکولس نے ذمہ داری سنبھالتے ہوئے اچھی بلے بازی کا مظاہرہ کیا لیکن دوسرے روز کے اختتامی لمحات میں شکیب الحسن نے دوسرے اینڈ سے بلے بازوں کو پویلین بھیجنے کا سلسلہ شروع کیا جو 3 بلے بازوں کے بعد رک گیا۔

مچل سینٹنر29، بی جے واٹلنگ ایک اور گرینڈہوم صفر پر شکیب الحسن کو وکٹ دے بیٹھے۔

مزید پڑھیں: کرائسٹ چرچ: بنگلہ دیش 289 رنز پر آؤٹ

نیوزی لینڈ نے دوسرے روز کے اختتام پر 7 وکٹوں کے نقصان پر 260 رنز بنائے تھے اور انھیں مزید 29 رنز کے خسارے کا سامنا تھا۔

نیکولس 56 اور ٹم ساؤتھی 4 رنز بنا کر وکٹ پر موجود تھے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب نے 3، قمرالاسلام ربی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کو دومیچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔

Read Comments