Dawn News Television

اپ ڈیٹ 14 فروری 2017 01:13pm

بھارتی فلموں کی ٹی وی پر نمائش کی اجازت

لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے درست لائسنس کے حامل تمام نجی چینلز کو ہندوستانی فلموں کو ٹی وی پر نشر کرنے کی اجازت دے دی۔

ڈان اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے یہ اجازت پیمرا کی ایک رپورٹ کے تناظر میں دی، جس میں بتایا گیا تھا کہ ٹی وی چینلز کو لائسنس ٹو اسٹیبلش اینڈ آپریٹ سیٹلائٹ ٹی وی براڈ کاسٹ چینل اسٹیشن کی شق 7.2 (ii) کے تحت ہندوستانی فلموں کو نشر کرنے کی اجازت ہے۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے لیو کمیونیکیشنز اور دیگر اداروں کی جانب سے ہندوستانی مواد پر پابندی کے حوالے سے پیمرا کے فیصلے کو چیلنج کرنے کی درخواست پر گذشتہ ہفتے ہونے والی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا۔

پیمرا کے وکیل نے دلائل دیئے تھے کہ یہ اجازت پیمرا آرڈیننس برائے 2002 کے قوائد و ضوابط سے مشروط ہوگی۔

درخواست گزاروں کے وکیل نے دلائل دیئے کہ چینلز کو ہندوستانی ڈرامے دکھانے کی بھی اجازت ملنی چاہیے، کیوں کہ لائسنس کے مطابق ان کا شمار بھی 'انٹرٹینمنٹ' کے زمرے میں کیا جاتا ہے۔

تاہم پیمرا کے وکیل نے اس دلیل سے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ انڈین ڈراموں کا شمار 'انٹرٹینمنٹ' میں کیا جاسکتا ہے، دلائل کے لیے مزید وقت طلب کرلیا، انہوں نے کہا کہ چینلز کو لائسنس کے تحت صرف ہندوستانی فلموں کی نمائش کی اجازت دی جاسکتی ہے۔

بعدازاں کیس کی سماعت اگلے ماہ 2 مارچ تک کے لیے ملتوی کردی گئی۔

Read Comments