Dawn News Television

شائع 14 مارچ 2017 09:38pm

’ہولی‘ محبت کے رنگوں کا خوبصورت تہوار

ہندوؤں کے مذہبی تہوار ہولی کو 'رنگوں کا تہوار' بھی کہا جاتا ہے، ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے افراد اپنے دوست اور احباب کو مختلف رنگ لگا کر اس دن کی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

سرخ، پیلے، نیلے اور سبز جیسے خوبصورت رنگوں کا یہ تہوار بچوں اور بڑوں سب کا پسندیدہ تہوار ہے۔

2 روز پر مشتمل ہولی کے تہوار کو ہندو برادری کے افراد ہر سال فروری اور مارچ کے درمیان کی تاریخوں میں مناتے اور ہندو کیلنڈر کے مطابق چاند کے مکمل ہونے پر اس تہوار کا آغاز کیا جاتا ہے۔

تہوار کا آغاز ایک رات قبل آگ جلا کر کیا جاتا ہے، ہندو برادری کا ماننا ہے کہ وہ اس آگ میں اپنی تمام برائیوں کو جلا کر ختم کرتے ہیں.

اگلے روز موسم بہار کی آمد اور نئی فصل کی آنے کی خوشی میں ہولی کا تہوار منایا جاتا ہے اور رنگوں سے کھیلا جاتا ہے۔

ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کے مطابق وہ اس روز اپنے چاہنے والوں کے گھر بھی جاتے اور اس دن کی مبارکباد دیتے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ہولی کھیلتے وقت زیادہ تر افراد سفید رنگ کے لباس کا انتخاب کرتے ہیں۔

پاکستان میں بھی ہندو برادری اس تہوار کو بڑے جوش و خروش سے منا رہی ہے۔

Read Comments