Dawn News Television

شائع 20 اپريل 2017 08:16pm

جلد سے سننے میں مدد دینے والی ٹیکنالوجی

فیس بک ایسی ٹیکنالوجی پر کام کررہی ہے جس کی بدولت کان کی بجائے اپنی جلد سے لوگوں کی بات سن سکیں گے اور وہ بات چیت خودکار طور پر کسی بھی زبان کے ترجمے کے ساتھ ہوگی۔

یہ ٹیکنالوجی فیس بک کے بلڈنگ ایٹ ریسرچ گروپ کی جانب سے تیار کی جارہی ہے۔

فیس بک کی سالانہ ایف ایٹ ڈویلپر کانفرنس کے دوران اس ٹیکنالوجی کی ایک جھلک پیش کی گئی اور اسے کان کے اندر موجود سوراخ جیسا قرار دیا گیا جو کہ آواز کو دماغ کے پڑھنے کے قابل معلومات میں تبدیل کرتا ہے۔

فیس بک کے مطابق یہ ممکن ہے کہ کان کے اس عمل کو ٹیکنالوجی کی شکل دے کر کسی فرد کی جلد کو اس کے قابل بنادیا جائے۔

فیس بک نے اس حوالے سے زیادہ تفصیلات تو نہیں بتائیں مگر بظاہر ایسا لگتا ہے کہ اس میں جلد آواز سننے کے قابل نہیں ہوگی بلکہ وہ الفاظ کے ارتعاش کو محسوس کرے گی اور وقت کے ساتھ اسے سمجھنے کے قابل ہوجائے گی۔

فیس بک کے مطابق اس حوالے س ایک بنیادی سسٹم تیار کیا جاچکا ہے جو کہ لوگوں کو مختلف آوازوں کے ارتعاش پر ردعمل میں مدد دیتا ہے۔

فیس بک کے عہدیداران کے مطابق بہت جلد ایسا ہوسکتا ہے کہ جیسے کوئی فرد چینی زبان میں سوچیں اور آپ فوری طور پر اسے اطالوی زبان میں سمجھ سکیں یا محسوس کرسکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تصور کریں دنیا کے کروڑوں افراد جو پڑھ یا لکھ نہیں سکتے مگر سوچ اور محسوس کرسکتے ہیں۔

یہ واضح نہیں کہ فیس بک اس ٹیکنالوجی کے ساتھ کیا کرے گی اور کب تک یہ مکمل طور پر تیار ہوجائے گی مگر عہدیداران کا کہنا تھا کہ اس میں چند سال لگ سکتے ہیں۔

Read Comments