Dawn News Television

اپ ڈیٹ 29 اپريل 2017 10:22am

ونود کھنہ کی آخری رسومات: رشی کپور کا نئے اسٹارز پر غصہ

جہاں بولی وڈ میں نامور اداکار ونود کھنہ کے انتقال کا سوگ منایا گیا وہیں ان کے ساتھی اداکار رشی کپور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنا غصہ نکالنا شروع کردیا۔

ٹوئٹر پر رشی کپور نے بولی وڈ کے تمام نئے ستاروں کو تنقید کا نشانہ بنایا جس کی وجہ ان کی ونود کھنہ کی آخری رسومات میں غیر موجودگی تھی۔

اس دوران رشی کپور نے کئی ٹویٹس کی جن میں انہوں نے نئے اداکاروں سے سوال کیا کہ وہ ونود کھنہ کی آخری رسومات میں موجود کیوں نہیں تھے۔

رشی کپور نے ٹویٹ کی ’شرم کی بات ہے نئی نسل کے ایک بھی اداکار نے ونود کھنہ کی آخری رسومات میں شرکت نہیں کی، انہوں نے بھی نہیں جن کے ساتھ ونود نے کام کیا، لوگوں کو دوسروں کی عزت کرنا سیکھنی چاہیے‘۔

مزید پڑھیں: ونود کھنہ کینسر کے باعث چل بسے

رشی کپور نے مزید کہا کہ ’جب میں مروں گا تو مجھے بھی تیار رہنا چاہیے کہ کوئی مجھے کندھا دینے نہیں آئے گا، آج کے ان اسٹارز پر بےحد غصہ آرہا ہے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کی اہلیہ اور بیٹا رنبیر کپور اس وقت ہندوستان سے باہر ہیں، ورنہ وہ ونود کھنہ کی آخری رسومات میں ضرور شریک ہوتے۔

رشی کپور نے بولی وڈ اداکاروں کو چمچا کہتے ہوئے لکھا کہ ‘گزشتہ رات پریانکا چوپڑا کی پارٹی میں بہت سارے چمچوں سے ملاقات کی، لیکن ونود کھنہ کی آخری رسومات میں چند موجود تھے‘۔

خیال رہے کہ 70 سالہ ونود کھنہ کا انتقال گزشتہ روز ممبئی میں ہوا، وہ طویل عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔

Read Comments