اسنیپ چیٹ کے سربراہ نے دلہن منتخب کرلی
سوشل ایپلی کیشن اسنیپ چیٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ایون اسپیگل نے اپنے لیے دلہن منتخب کرلی، جس کے بعد آئندہ ہفتے دونوں کی شادی کا امکان ہے۔
مقبول ترین سوشل ایپ کے 26 سالہ سی ای او ایون اسپیگل اور آسٹریلیا کی 34 سالہ سپر ماڈل مرنڈا کیر کی شادی مئی کے اختتام سے قبل ہوگی۔
امریکی اخبار نیویارک پوسٹ کے پیج سکس نے اپنے ذرائع سے بتایا کہ ارب پتی ایون اسپیگل اور مرنڈا کیر نے جولائی 2014 میں منگنی کرلی تھی، ان دونوں کے درمیان 2013 میں تعلق قائم ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: انسٹاگرام نے اسنیپ چیٹ کا بڑا فیچر بھی چرا لیا
رپورٹ کے مطابق ارب پتی سوشل ایپ کے سی ای او اور آسٹریلوی دوشیزہ کی شادی انتہائی سادگی سے ہوگی، جس میں زیادہ سے زیادہ 30 مہمان شریک ہوں گے۔
اخبار کو ذرائع نے بتایا کہ شادی کی تقریب لاس اینجلس کے قصبے برینٹ ووڈ میں ایون اسپیگل اور مرنڈا کیر کے مشترکہ گھر میں ہوگی، جس میں صرف خاندان کے افراد ہی شرکت کریں گے۔