Dawn News Television

اپ ڈیٹ 15 جون 2017 09:30pm

فیس بک کمنٹس میں جی آئی ایف بٹن متعارف

اگر تو آپ کو اینیمیٹڈ تصاویر پوسٹ کرنا پسند ہے تو اچھی خبر یہ ہے فیس بک پر اب آپ کمنٹس پر بھی جی آئی ایف امیجز کو پوسٹ کرسکتے ہیں۔

جی ہاں فیس بک نے آخرکار کمنٹس کے لیے بھی جی آئی ایف بٹن متعارف کرا دیا ہے اور یہ اینیمیٹڈ تصاویر کو 30 سال مکمل ہونے پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ کی جانب سے اپنی صارفین کے لیے ایک تحفہ ہے۔

ویسے تو فیس بک پر 2015 سے ایسی اینیمیٹڈ تصاویر کو پوسٹ کرنا ممکن ہے مگر کمنٹس میں صارفین کے لیے ایک مخصوص بٹن دینا ضرور ایک نئی چیز ہے۔

فیس بک کے مطابق ' ہر ایک کو جی آئی ایف سے محبت ہے اور گزشتہ سال ہی صارفین نے 13 ارب اینیمیٹڈ اتصاویر ایک دوسرے کو ارسال کیں۔ہم جانتے ہیں کہ لوگ انہیں کمنٹس میں استعمال کرنا چاہتے ہیں، توقع ہے کہ لوگ اپنے جذبات کو زیادہ سے زیادہ شیئر کرسکیں گے'۔

مزید پڑھیں : اب اینیمیٹڈ فیس بک پروفائل تصویر لگانا ممکن

یہ جی آئی ایف کمنٹ بٹن کی آزمائش مارچ سے کی جارہی تھی مگر اب یہ فیس بک کے تمام صارفین کے لیے دستیاب ہے۔

یہ بٹن بالکل اسی طرح کام کرے گا جیسے فیس بک میسنجر میں کرستا ہے، جس سے صارفین کو ٹرینڈنگ جی آئی ایف کو براﺅز کرنے اور مخصوص تصاویر کو سرچ کرنے کا موقع مل سکے گا۔

مگر یہ بات ضرور ہے کہ یہ فیچر سامنے آنے کے بعد موجودہ نیوز فیڈ بالکل بدل کر رہ جائے گا جہاں ان اینیمیٹڈ تصاویر کی بھرمار ہر جگہ نظر آنے لگے گی۔

Read Comments