کشمیر: بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے 2 افراد زخمی
مظفر آباد: لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی شہری آبادی پر بھارت کی ایک بار پھر بلااشتعال فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوگئے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) کوٹلی چوہدری ذوالقرنین سرفراز نے ڈان کو بتایا کہ جنوبی کوٹلی ضلع کے نکیال سیکٹر میں واقع گاؤں ناری دھروتی میں بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے 12 سالہ انیلہ ظہور زخمی ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ نکیال سیکٹر کے ہی گاؤں دوٹیلا دابسی میں بھارتی اشعال انگیزی کے باعث 30 سالہ روبینہ خالد زخمی ہوئیں جنہیں تشویشناک حالت میں ضلعی ہیڈکوارٹرز ہسپتال کوٹلی منتقل کیا گیا۔
ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ بھارتی فورسز کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ اس وقت شروع ہوئی جب وہ افطار کی تیاری کر رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: ایل او سی پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ،4 افراد جاں بحق
انہوں نے کہا کہ ’آبادی کو باقاعدہ ہدف بنایا گیا اور بھارتی فوج اکثر لائن آف کنٹرول کے اطراف رہائش پذیر شہریوں کو چھوٹے اور درمیانے سائز کے ہتھیاروں سے نشانہ بناتی ہے۔‘
یاد رہے کہ چند روز قبل قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کشمیر امور کو ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (ڈی ایم اے) حکام نے بتایا تھا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارت کی فائرنگ سے 832 لوگ جاں بحق جبکہ 3 ہزار لوگ زخمی ہوچکے ہیں۔
ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے سیکریٹری ڈی جی نے کمیٹی کے اجلاس کو بتایا کہ آزاد جموں و کشمیر کی سوا 4 لاکھ سے زائد آبادی ایل او سی پر واقع ہے جو بھارتی فائرنگ کی زد میں ہے۔
اجلاس میں جموں و کشمیر حکومت کے ترجمان بھی شریک ہوئے، جنہوں نے شکایت کی کہ بھارتی جارحیت سے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو 3 لاکھ جبکہ زخمیوں کو 1 لاکھ امداد دی جاتی ہے، تاہم پاکستان اس سلسلے میں کوئی تعاون نہیں کر رہا۔