Dawn News Television

شائع 23 جون 2017 10:41pm

بہت زیادہ پسینے کا اخراج ایک مرض کی علامت

گرمیوں کے دوران بہت زیادہ پسینہ آنا کوئی غیرمعمولی بات نہیں مگر کچھ افراد میں اس کی شدت بہت زیادہ ہوتی ہے اور یہ ایک مخصوص مرض کی علامت ہوسکتی ہے۔

یہ انتباہ برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔

برطانوی محکمہ صحت کے مطابق Hyperhidrosis نامی عارضہ اپنی علامت بہت زیادہ پسینے کے اخراج کی شکل میں ظاہر کرتا ہے۔

اس سے پورا جسم یا مخصوص حصے جیسے ہاتھ، ہتھلیاں، پیروں کے تلوے، چہرے، سینے وغیرہ پر بہت زیادہ پسینہ خارج ہوتا ہے جبکہ باقی حصوں یہ نارمل ہوتا ہے۔

تحقیق کے مطابق ابھی یہ تو معلوم نہیں کہ کچھ افراد اس کا شکار کیوں ہوتے ہیں، بس اندازہ ہے کہ مخصوص غدود زیادہ متحرک ہوجاتے ہیں۔

مزید پڑھیں : مردوں کو زیادہ پسینہ آتا ہے یا خواتین کو؟

یہ عارضہ کسی بھی عمر اور کسی بھی لمحے لاحق ہوسکتا ہے تاہم زیادہ تر بالغ افراد میں اس کے شکار زیادہ ہوتے ہیں، مگر بوڑھے اور بچے بھی اس میں مبتلا ہوسکتے ہیں۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ پسینہ جسمانی صحت کے حوالے سے اہم کردار کرتا ہے کیونکہ یہ جسمانی درجہ حرارت کو مستحکم رکھنے کے ساتھ گرمی میں ٹھنڈا رکھنے میں مدد دیتا ہے، جبکہ جذباتی صورتحال میں بھی لوگ پسینہ، پسینہ ہوجاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : جتنا زیادہ پسینہ، اتنی اچھی خوشبو

تحقیق میں بتایا گیا کہ ویسے تو بہت زیادہ پسینہ خارج ہونا صحت کے لیے سنگین خطرہ نہیں مگر یہ دیگر حوالوں سے منفی اثرات مرتب کرسکتا ہے۔

محقیقن نے بتایا جب پسینہ بہت زیادہ آتا ہے تو اس سے معاشرتی زندگی پر سنگین اثرات مرتب ہوتے ہیں جبکہ یہ ڈپریشن اور ذہنی بے چینی کا باعث بھی بن سکتا ہے۔

ایسے افراد کو کیفین اور زیادہ مرچ مصالحے کا استعمال کم کردینا چاہئے تاکہ اس عارضے میں کمی آسکے جبکہ کھلے کپڑے پہننا بھی فائدہ مند ہوسکتا ہے۔

Read Comments