Dawn News Television

شائع 19 جولائ 2017 04:06pm

پشاور:آپریشن تھیٹر ویڈیو لیک معاملے پر ہسپتال کے7 ملازمین معطل

پشاور: خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں واقع لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے آپریشن تھیٹر میں چھت ٹپکنے کی ویڈیو لیک کرنے کی پاداش میں انتظامیہ نے او ٹی اسٹاف کے 7 ارکان کو معطل کردیا۔

ڈائریکٹر ہسپتال کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کا عکس—۔ڈان نیوز

ویڈیو معاملے میں معطل کیے جانے والے افراد میں 4 آپریشن تھیٹر اسسٹنٹ فرید، شکیل، مسعود، معاذ اور 3 اینستھیزیا کے ٹیکنیشن شاہزیب، نصرت اور یونس شامل ہیں۔

واضح رہے کہ حال ہی میں پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی تھی جس میں دیکھا جاسکتا تھا کہ ہسپتال میں مریض کے آپریشن کے دوران چھت ٹپک رہی ہے۔

ہسپتال کے ڈائریکٹر نے ویڈیو لیک ہونے کے معاملے پر ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے ہسپتال کے ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر محمد طارق خان کی سربراہی میں 4 رکنی انکوائری کمیٹی تشکل دینے کی ہدایات جاری کردیں۔

مزید پڑھیں: پیرامیڈیکل اسٹاف کی ہڑتال سے 30 مریض ہلاک،ہسپتال کا دعویٰ

کمیٹی کے دیگر اراکین میں ڈائریکٹر ہیومن ریسورس عابد الرحمٰن، میڈیکل آفیسر او پی ڈی ڈاکٹر شیر علی اور الیکٹریکل انجینیئر عاشق نواز شامل ہیں۔

اسسٹنٹ مینیجر اے اینڈ ای کی جانب سے جمع کرائی جانے والی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ متعلقہ افراد نے چھت سے پانی رِسنے کی خبر انتظامیہ کو دینے کے بجائے ویڈیو بنانے میں اپنا وقت صرف کیا جو ہسپتال کی اندرونی پالیسی کے خلاف ہے۔

لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ڈائریکٹر نے انکوائری کمیٹی کو ایک ہفتے میں حقائق پر مبنی رپورٹ اور اپنی سفارشات جمع کرانے کی ہدایات جاری کیں۔

Read Comments