Dawn News Television

شائع 20 جولائ 2017 12:56am

مسجدالاقصیٰ: اسرائیلی پولیس کا فلسطینیوں پر دھاوا

مسجد الاقصیٰ کے احاطے کے باہر اسرائیلی پولیس کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں مسجد کے امام شیخ اکریمہ صابری سمیت 14 افراد زخمی ہوگئے۔

فلسطین میں سرگرم انسانی حقوق کی تنظیم کے مطابق امام مسجد جیسے ہی رات کو مسجد کے باہر نماز سے فارغ ہوئے تو اسرائیلی پولیس اہلکاروں نے انھیں اور ان کے دیگر ساتھیوں کو طاقت کے زور پر منتشر کرنے کی کوشش کی اور ان پر ربڑ کی گولیاں برسا دیں جس کے نتیجے میں 14 افراد زخمی ہوگئے۔

واقعے کے فوری بعد امام مسجد اقصیٰ کو زخمی حالت میں مشرقی یروشلم کے ہسپتال الامقاصد لے جایا گیا۔

14 جولائی کو مقبوضہ بیت المقدس میں قابض اسرائیلی فورسز نے مسجد اقصیٰ کے احاطے میں نماز جمعے سے قبل فائرنگ کرکے 3 فلسطینیوں کو قتل کردیا تھا۔

اسرائیلی حکام نے 16 جولائی کو کیمرے اور واک تھرو گیٹس نصب کرنے کے بعد مسجد اقصیٰ کو نمازیوں کے لیے کھول دیا تھا تاہم فلسطینی مسلمانوں نے نئے سیکیورٹی اقدامات کو مسترد کرتے ہوئے مسجد میں داخلے سے انکار کردیا تھا۔

مسجدِ اقصیٰ مسلمانوں کے لیے تیسری مقدس ترین جگہ ہے، تاہم یہودی بھی اس سے عقیدت رکھتے ہیں، یہ مقدس جگہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان کشیدگی کا باعث رہی ہے اور یہاں پرتشدد واقعات ہوتے رہتے ہیں۔

Read Comments