Dawn News Television

شائع 24 جولائ 2017 11:10pm

پاکستان کے ’دل‘ لاہور پر دہشت گردوں کا وار

صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے فیروز پور روڈ پر واقع ارفع کریم ٹاور کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 9 پولیس اہلکاروں سمیت 20 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔

سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) عمران اعوان کا کہنا تھا کہ علاقے میں انسداد تجاوزات کی مہم جاری تھی اور اس کے لیے علاقے میں پہلے سے پولیس تعینات تھی۔

حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے قبول کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ اس نے پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانے کے لیے ’موٹرسائیکل بم‘ استعمال کیا۔

تاہم ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکا خودکش تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ خودکش بمبار نے دھماکے میں پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے لاہور دھماکے کی مذمت کی اور زخمیوں کو بہترین علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی لاہور دھماکے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

Read Comments