کیا میرا، عمران خان کے مدمقابل الیکشن لڑیں گی؟
اپنی گلابی انگریزی، بیانات اور اسکینڈلز کی وجہ سے خبروں میں اِن رہنے والی فلم اسٹار میرا پاکستانی سیاست کا حصہ بن رہی ہیں یا نہیں، یہ بحث تو 2007 سے جاری ہے اور حال ہی میں ایسی خبریں سامنے آئی تھیں کہ وہ 2018 میں ہونے والے الیکشن میں حصہ لینے جارہی ہیں تاہم اب اداکارہ نے ان قیاس آرائیوں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔
اس حوالے سے ڈان سے بات کرتے ہوئے میرا نے کہا، ’میں اس قسم کی جھوٹی خبروں سے تھک چکی ہوں‘۔
مزید پڑھیں: میرا کی عمران خان کو شادی کی پیشکش
میرا نے مزید بتایا کہ ’میں دبئی میں ایک فیشن شو اور اپنے لباس کے حوالے سے ہندوستانی ڈیزائنر منیش ملہوترا سے ملی اور بہت دکھ کے ساتھ مجھے کہنا پڑ رہا ہے کہ پاکستان میں میرے خلاف فضول باتیں لکھی جارہی ہیں اور خاص طور پر تب جب میں پاکستان میں بھی نہیں، یہ جھوٹی خبریں میرے نام کے ساتھ شائع کی جاتی ہیں‘۔
میرا نے اس حوالے سے چند میڈیا اداروں پر تنقید کرتے ہوئے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ’ان تمام میڈیا اداروں پر بہت غصہ آرہا ہے جو اس طرح کی جھوٹی اور بیکار خبریں شائع کررہے ہیں، میں ایک بار ٹھیک طرح سے وضاحت کردوں، میں سیاست میں حصہ نہیں لے رہی، سمجھ آئی؟‘