Dawn News Television

شائع 15 اگست 2017 05:52pm

پاکستان میں اسمبل ہونے والی پہلی چینی گاڑی متعارف

چینی کمپنی فا موٹرز نے اپنی نئی گاڑی وی 2 پاکستان میں متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

پرو پاکستانی کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ پہلی چینی گاڑی ہے جو مکمل طور پر پاکستان میں اسمبل ہوئی ہے۔

فا موٹرز چینی حکومت کے زیرتحت گاڑیاں تیار کرنے والی کمپنی ہے اور اس کی نئی گاڑی کو متعارف کرانے کا اعلان ایک ایونٹ کے دوران کیا گیا۔

مزید پڑھیں : پاکستان میں چینی گاڑی فروخت کے لیے پیش

اس ایونٹ کے دوران پاکستان میں کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر بلال آفریدی نے بتایا کہ اب تک ڈھائی ارب روپے کی ابتدائی سرمایہ کاری کی جاچکی ہے اور مقامی سطح پر اسمبل کرنے کے سیٹ اپ کو بہتر بنانے کے لیے مزید 1.3 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔

پاکستان میں اسمبل ہونے والی یہ پہلی چینی گاڑی یورو فور اسٹینڈرڈ کی ہے جس میں 1.3 لیٹر 16 والوو فور سلینڈر انجن دیا دیا گیا ہے جبکہ فائیو اسپیڈ مینوئل بھی موجود ہیں۔

کمپنی کے مطابق اس گاڑی کے ایندھن کی اوسط 10 کلو میٹر فی لیٹر ہے اور یہ 37 لیٹر کے فل ٹینک کے ساتھ 333 کلومیٹر تک کا سفر کرسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : چینی کمپنی کا جلد پاکستان میں گاڑیاں تیار کرنے کا منصوبہ

گاڑی میں پاور ونڈوز، پاور اسٹیئرنگ، 2 اسپیکر اسٹیریو سسٹم، پاور لاک ڈور اور اے سی وغیرہ موجود ہیں۔

اس کا بیرونی ڈیزائن آپ اوپر تصویر میں دیکھ سکتے ہیں جو دیکھنے میں تو کافی خوبصورت ہے اور جاپانی گاڑیاں کے مقابلے میں کافی نمایاں لگتا ہے۔

کہا جارہا ہے کہ یہ گاڑی براہ راست ٹویوٹا وٹز، ٹویوٹا پاسو، ڈائی ہاٹسو شیراڈ، میرا، ٹویوٹا یاریز، سوزوکی ویگنر، سوزوکی سوئفٹ اور کلٹس کے لیے بڑی حریف ثابت ہوسکتی ہے۔

اس گاڑی کی قیمت 10 لاکھ 69 ہزار روپے رکھی گئی ہے اور کمپنی پاکستان میں مستقبل قریب میں مزید کم قیمت گاڑیاں متعارف کرانے کی بھی خواہشمند ہے۔

Read Comments