ڈاؤن ہونے کے بعد فیس بک اور انسٹاگرام کی سروس بحال
دنیا کی سب سے بڑی سوشل ویب سائٹ فیس بک اور سوشل شیئرنگ ویب سائٹ انسٹاگرام کی سروس ایک گھنٹے تک ڈاؤن رہنے کے بعد بحال ہوگئی۔
دونوں سوشل ویب سائٹس کی سروس پاکستان میں شام 6 بج کر 40 منٹ پر معطل ہوئی، جو ساڑھے 7 بجے کے بعد بحال ہوئی۔
اس دوران دونوں ویب سائٹس کے پاکستانی صارفین ذہنی اذیت کا شکار رہے۔
خیال رہے کہ رواں ہفتے میں تیسری بار فیس بک کی سروس میں خرابی پشی آئی تھی، اس سے قبل 23 اگست کو بھی سوشل ویب سائٹ کی سروس میں خرابی آگئی تھی، تاہم اس وقت فیس بک کی سروس زیادہ پیمانے پر ڈاؤن نہیں ہوئی تھی۔
2 دن بعد 25 اگست کو بھی فیس بک کی سروس کئی ممالک میں ڈاؤن رہی تھی، اور کروڑوں صارفین کو آن لائن ہونے میں مشکلات پیش آ رہی تھیں
رواں ہفتے میں تیسری بار فیس بک کی سروس 26 اگست کو ڈاؤن ہوئی، جب کہ اس کے ساتھ ہی انسٹاگرام کی سروس بھی تعطل کا شکار رہی، جو ایک گھنٹے بعد بحال ہوگئی۔
اس بار پاکستان، امریکا اور برطانیہ سمیت دیگر ممالک میں ایک ساتھ فیس بک اور انسٹاگرام کی سروس ڈاؤن ہوئی، جس وجہ سے دنیا بھر کے صارفین پریشان رہے۔
پاکستان میں 26 اگست کو شام 6 بج کر 40 منٹ کے بعد فیس بک اور انسٹاگرام کی سروس ڈاؤن ہوئی، جو ایک گھنٹے بعد بحال ہونا شروع ہوئی۔
مزید پڑھیں: انڈیا میں فیس بک کی سروسز بند
تاہم پاکستان میں کئی صارفین اس خرابی سے بے خبر بھی رہے۔