Dawn News Television

شائع 14 ستمبر 2017 09:23pm

آخری فرسٹ کلاس سیزن میں سنگاکارا کی شاندار فارم جاری

لندن: سابق سری لنکن کپتان اور مایہ ناز بلے باز کمار سنگاکارا نے ریٹائرمنٹ کے باوجود شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور انگلش کاؤنٹی کرکٹ چیمپئن شپ میں 12 اننگز میں ساتویں سنچری اسکور کر لی۔

انہوں نے یارکشائر کے خلاف جاری میچ کے دوسرے روز عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری اسکور کر کے اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا۔

سنگاکارا نے رواں سیزن کے اختتام پر فرسٹ کلاس کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر رکھا ہے۔

یہ سیزن سنگاکارا کے 20 سالہ کیریئر میں اب تک سب سے بہترین رہا ہے جس میں انہوں نے کاؤنٹی چیمپئن شپ کی 12 اننگز میں سات سنچریاں بنائیں۔

وہ اب تک اس سیزن میں 113.63 کی اوسط سے 1250 رنز بنا چکے ہیں جس میں سات سنچریاں اور دو نصف سنچریاں شامل ہیں۔

Read Comments