Dawn News Television

اپ ڈیٹ 20 ستمبر 2017 07:34pm

حافظ سعید کی تعریف میں ٹوئیٹ پر حمزہ عباسی کو تنقید کا سامنا

حمزہ علی عباسی سیاست اور سماجی مسائل پر ردعمل دینے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے اور اسی وجہ سے انہیں کئی مرتبہ لوگوں کی تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑ جاتا ہے اور ایسا ہی کچھ ان کی حال ہی میں کی گئیں ٹویٹس کے ساتھ بھی ہوا۔

اس دفعہ حمزہ علی عباسی نے جماعت الدعوۃ کے بانی حافظ سعید کی نئی سیاسی جماعت ملی مسلم لیگ کے حوالے سے ٹوئیٹ کی جو این اے 120 لاہور کے ضمنی انتخاب میں تیسرے نمبر پر رہی۔

اس حوالے سے حمزہ علی عباسی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ ’امریکا اور ہندوستان کہتا ہے کہ وہ دہشت گرد ہیں، میرا ماننا ہے کہ حافظ سعید صحیح ہیں، ملی مسلم لیگ نے 4 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کیے، ان کے لیے دل میں بہت احترام ہے‘۔

خیال رہے کہ امریکا اور بھارت سمیت عالمی طاقتیں جماعت الدعوۃ کو لشکر طیبہ کی شاخ تصور کرتے ہیں جبکہ حکومت پاکستان نے رواں سال کے آغاز میں حافظ سعید کو نظر بند بھی کردیا تھا۔

2008 میں ممبئی حملوں کا ذمہ دار بھی لشکر طیبہ کو ہی ٹھہرایا گیا تھا، جس کے نتیجے میں 166 افراد ہلاک ہوگئےتھے تاہم جماعت الدعوۃ نے کسی قسم کی دہشت گرد کارروائیوں سے تعلق کو مسترد کردیا تھا۔

2012 میں امریکا نے جماعت الدعوۃ کے بانی حافظ سعید سے متعلق معلومات دینے والے کے لیے ایک کروڑ ڈالر انعام دینے کا اعلان کیا تھا۔

اپنی پہلی ٹوئیٹ کو صحیح ثابت کرنے کے لیے حمزہ علی عباسی نے ایک اور ٹوئیٹ کی، جس میں انہوں نے کہا کہ ’حافظ سعید نے فرقہ وارانہ کاموں کے خلاف بہترین کام کیا، پاکستان میں موجود غیر مسلموں کے لیے سماجی کام کیا اور وہ کشمیریوں کے ساتھی ہیں‘۔

انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ حاٖفظ سعید صرف ہندوستانی حکومت کے خلاف ہیں، اپنی ایک اور ٹوئیٹ میں انہوں نے کہا کہ ’حافظ سعید ہندوستان یا ہندوستانیوں سے نفرت نہیں کرتے، وہ صرف کشمیر میں ہندوستانی حکومت کی جانب سے کیے جانے والے ظلم کے خلاف ہیں‘۔

تاہم ٹوئٹر صارفین نے حمزہ علی عباسی کو ان کی ٹوئیٹس پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

ایک صارف نے حمزہ کی ٹوئیٹ شیئر کرنے کے ساتھ حیرانی کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کے پاس کہنے کو الفاظ نہیں۔

ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ ’بہت ہی چونکانے والا بیان دیا، میں آپ کو ان فالو کررہی ہوں‘۔

کسی نے کہا کہ ’اس طرح کے غیر ضروری بیانات دینے کی کوئی ضرورت نہیں‘۔

خیال رہے کہ ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ حمزہ علی عباسی کو اپنے بیانات پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہو، اس سے قبل اداکار کو اپنے متنازع بیانات کے باعث سوشل میڈیا پر پابندی کا سامنا بھی کرنا پڑ چکا ہے۔

Read Comments