پاکستان

پاکستانی فلم ’ساون‘ کا آسکر میں 91 فلموں سے مقابلہ

’ساون‘ ایک 9 سالہ لڑکے کی حقیقی کہانی پر مبنی ہے جسے بلوچستان میں پولیو جیسے مرض کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

فلمی دنیا کے سب سے بڑے اعزاز آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد پاکستانی فلم ’ساون‘ کا مقابلہ 91 فلموں سے ہوگا۔

’ساون‘ کا مقابلہ پاکستانی نژاد برطانوی فلم ساز کی برطانوی اردو فلم ’مائی پیور لینڈ‘ اور بولی وڈ کی ہندی فلم ’نیوٹن‘ سمیت امریکی، جرمنی، روسی، فلپائنی، چینی، جاپانی، بنگلہ دیشی، ایرانی و افغانستانی فلموں سمیت دنیا کے مختلف ممالک کی 91 فلموں سے مقابلہ ہوگا۔

آسکر ایوارڈ کی غیر ملکی زبان کی کیٹیگری کے لیے دنیا کے تمام براعظموں کے 91 ممالک نے اپنی فلموں کو شارٹ لسٹ کیا ہے۔

غیر ملکی زبان کی کیٹیگری میں افغانستان کی جانب سے ’اے لیٹر ٹو دی پریزیڈنٹ‘، ایران کی جانب سے ’بریتھ‘، عراق کی جانب سے ’ریسیبا‘، ترکی کی جانب سے ’آئلا‘، شام کی جانب ’لٹل گاندھی‘ اور بنگلہ دیش کی جانب سے ’دی کیگ‘ کو نامزد کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آسکر ایوارڈز میں نامزدگی کے لیے فلم 'ساون' کا انتخاب

خیال رہے کہ 90 ویں آسکر ایوارڈز کے لیے جیتنے والی فلم کے نام کا اعلان آئندہ برس 18 جنوری کو کیا جائے گا، 91 میں سے کسی ایک فلم کو غیر ملکی زبان کی کیٹیگری کے لیے منتخب کیا جائے گا۔

کامیاب فلموں کو 4 مارچ 2018 کو ہونے والے آسکر ایوارڈ میلے میں پرائز سے نوازا جائے گا۔

’ساون‘ ایک پاکستانی ڈراما فلم ہے جو ایک 9 سالہ لڑکے کی حقیقی کہانی پر مبنی ہے جسے بلوچستان میں پولیو جیسے مرض کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

مزید پڑھیں: برطانیہ کی جانب سے آسکر کیلئے پاکستانی خاتون پربنی فلم نامزد

پولیو کا شکار یہ بچہ گاﺅں میں اُس وقت تنہا رہ جاتا ہے، جب قحط سالی کے باعث وہاں کے تمام مکین حتیٰ کے اس کے والدین بھی نقل مکانی کرجاتے ہیں۔

قحط سالی کے شکار گاﺅں میں وہ معذور بچہ کس طرح زندہ رہنے کی کوشش کرتا ہے، فلم میں اسے بہت خوبصورت انداز سے پیش کیا گیا ہے۔

فلم کی ہدایات فرحان عالم نے دیں، جب کہ اسے تحریر اور پروڈیوس مشہود قادری نے کیا ہے۔

برطانیہ کی جانب سے اس کیٹیگری کے لیے پاکستانی فلم ساز سام مسعود کی حقیقی واقعے پر مبنی فلم ’مائی پیور لینڈ‘ کو نامزد کیا گیا ہے۔

اس فلم کی کہانی صوبہ سندھ کے ضلع نوشہرو فیروز کے ایک چھوٹے سے گاؤں کی خاتون نازو دھاریجو کی جدوجہد کے ارد گرد گھومتی ہے۔

نازو دھاریجو نے 2012 میں علاقے کے وڈیروں اور 200 سے زائد مسلح افراد سے اپنی زمین کو بچایا تھا۔

بعد ازاں ان کی بہادری اور ہمت پر پاکستانی میڈیا نے ان کی جدوجہد اور کہانی کو نمایاں جگہ دی۔

نازو دھاریجو اس وقت سماجی سرگرمیوں سمیت سیاست میں بھی متحرک ہوچکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آسکرمیں نامزدگی کے لیے بولی وڈ فلم ’نیو ٹن‘ کا انتخاب

نازو دھاریجو پر بنائی گئی فلم میں مرکزی کردار صوبہ سندھ کی نوجوان اداکارہ، ماڈل و ڈانسر سہائی ابڑو نے ادا کیا ہے، فلم رواں ماہ 15 ستمبر کو ریلیز کیا گیا تھا۔

دوسری جانب بھارت کی 'نیوٹن' ایک سرکاری کلرک کی ایمانداری کی کہانی ہے، جسے ریاست چھتیس گڑھ میں منصفانہ انتخابات کا انعقاد کرانے کے لیے بھیجا جاتا ہے۔

راج کمار راؤ کی اس فلم کو بھی رواں برس ستمبر میں ریلیز کیا گیا تھا۔