برطانیہ کی جانب سے آسکر کیلئے پاکستانی خاتون پربنی فلم نامزد

شائع September 22, 2017
—فوٹو: مائی پیور لینڈ فیس بک
—فوٹو: مائی پیور لینڈ فیس بک

آسکر ایوارڈز کے لیے غیر ملکی زبان کی کیٹیگری کے لیے مختلف ممالک کی جانب سے فلموں کو منتخب کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

پاکستان، بھارت، روس، فرانس، ہانک کانگ، کرغزستان، برازیل اور سلواکیہ سمیت متعدد ممالک کی جانب سے فلموں کو نامزدگیوں کے لیے بھجوادیا گیا ہے۔

پاکستان کی جانب سے فلم ’ساون‘، بھارت کی جانب سے ’نیو ٹن‘ جب کہ برطانیہ کی جانب سے پاکستانی نژاد فلم ساز سام مسعود کی حقیقی واقعے پر مبنی فلم ’مائی پیور لینڈ‘ کو نامزد کیا گیا ہے۔

’مائی پیور لینڈ‘ کی کہانی صوبہ سندھ کے ضلع نوشہرو فیروز کے ایک چھوٹے سے گاؤں کی خاتون نازو دھاریجو کی جدوجہد کے ارد گرد گھومتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آسکر کے لیے غیر ملکی فلمیں نامزد

نازو دھاریجو نے 2012 میں علاقے کے وڈیروں اور 200 سے زائد مسلح افراد سے اپنی زمین کو بچایا تھا۔

بعد ازاں ان کی بہادری اور ہمت پر پاکستانی میڈیا نے ان کی جدوجہد اور کہانی کو نمایاں جگہ دی۔

—فوٹو: دی گارجین
—فوٹو: دی گارجین

نازو دھاریجو اس وقت سماجی سرگرمیوں سمیت سیاست میں بھی متحرک ہوچکی ہیں۔

نازو دھاریجو پر بنائی گئی فلم میں مرکزی کردار صوبہ سندھ کی نوجوان اداکارہ، ماڈل و ڈانسر سہائی ابڑو نے ادا کیا ہے۔ فلم کو رواں ماہ 15 ستمبر کو ریلیز کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: پاکستانی فلم ساون آسکر کے لیے نامزد

فلم کی نمائش سے قبل رواں ماہ 10 ستمبر کو ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے فلم ساز سام مسعود کا کہنا تھا کہ انہیں پاکستان کے کسی موضوع پر 2013 میں فلم بنانے کا خیال آیا، اور انہوں نے 2014 میں اس کے لیے فنڈ جمع کرنا شروع کیا۔

سام مسعود کے مطابق مارچ اور اپریل 2015 میں ’مائی پیور لینڈ‘ کی شوٹنگ کا آغاز کردیا گیا، اور 8 ستمبر 2017 تک فلم کی تمام شوٹنگ مکمل کرلی گئی۔

’مائی پیور لینڈ‘ کی شوٹنگ پاکستان میں ہی کی گئی تھی۔

خیال رہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ برطانوی آسکر جیوری نے اردو زبان میں بنی فلم کو آسکر کے لیے نامزد کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بولی وڈ فلم نیو ٹن آسکر کے لیے منتخب

آسکر اکیڈمی غیر ملکی زبان کی کیٹیگری میں شارٹ لسٹڈ ہونے والی فلموں کا اعلان جنوری 2018 میں کریگی، جب کہ کامیاب فلموں کو 4 مارچ 2018 کو ہونے والے آسکر ایوارڈ میلے میں پرائز سے نوازا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 1 جنوری 2026
کارٹون : 31 دسمبر 2025