Dawn News Television

شائع 22 اکتوبر 2017 11:41pm

پارلیمنٹ بالادست ہوگی تو پاکستان کے معاملات چلیں گے، اچکزئی

پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ اوررکن قومی اسمبلی محمودخان اچکزئی نے کہا ہے کہ پاکستان میں رہنے والی تمام اقوام کے درمیان ایک آئینی رشتہ موجود ہے،ملک کے معاملات اس وقت چلیں گے جب پارلیمنٹ بالادست ہو گی اور فاٹا کے مستقبل کا فیصلہ محب وطن قبائل کی مرضی کے مطابق کیا جائے۔

کنونشن سینٹراسلام آباد میں پختونخواملی عوامی پارٹی کے زیراہتمام منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پشتون کسی انسان سے مذہب، نسل اورفرقہ کی بنیاد پر نفرت نہیں کرتا، پاکستان کے بنانے میں پشتونوں نے سب سے زیادہ قربانیاں دیں اور انگریزوں سے آزاد ی حاصل کرنے کے لیے سب سے زیادہ جیلیں پشتونوں نے کاٹی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی قوموں کے درمیان ایک آئینی رشتہ ہے، آئین کو نہ چھیڑا جائے کیونکہ اس سے ملک کو نقصان ہوگا اورماضی میں ہم اس کا خمیازہ بھگت چکے ہیں۔

حکمران جماعت کے اتحادی رہنما کا کہنا تھا کہ بہتر یہی ہوگا کہ ملک کو آئین کے مطابق چلنے دیا جائے، ملک سے ہمارا رشتہ فاتح اور مفتوح کا نہیں ہے،پاکستان ایک وفاق ہے اورصرف آئین اور انصاف پر مبنی پاکستان چل سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں خود اس سرزمین کی حفاظت اپنے سر کی قیمت پر کرنی ہوگی جتنا پاکستان دوسروں کو عزیز ہے اتنا عزیز ہمیں بھی ہے اور وطن عزیز کے لئے سب سے زیادہ جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پشتون ہیں لیکن محب وطنوں پر پاکستان مخالفت کے دھبے لگائے جارہے ہیں۔

اس موقع پر قبائلیوں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی اور فاٹا کو الگ صوبہ بنانے کی تحریک کے سربراہ اور سابق سفیر ایاز وزیرنے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ فاٹا کو خیبر پختونخواہ میں ضم کرنے نہیں دیں گے، فاٹا کو ایک نئے شکل میں خیبر پختونخواہ میں ضم کرنے کی منصوبہ بندی ہورہی ہے۔

انھوں نے فاٹا کے مستقبل کا فیصلہ کرنےکے لیے ریفرنڈم کی تجویز دی۔

جلسہ عام میں متعدد قراردادیں بھی منظور کرلی گئیں جن میں فاٹا کے موجود آئینی حثیت کو برقرار رکھتے ہوئے فاٹا کے عوام کی مرضی و منشا کے ذریعے خود مختار منتخب کونسل اور منتخب ایگزیکٹیو کا قیام عمل میں لانے کا مطالبہ کیا گیا۔

Read Comments