پہلی بار انسانی جسم میں ’ڈی این اے‘ کی ایڈیٹنگ
امریکی ماہرین نے دنیا کی تاریخ میں پہلی بار ایک انسان کے جسم میں ہی اس کے ڈی این اے کی ایڈیٹنگ کرلی، تاہم اس ایڈیٹنگ کے کامیاب یا ناکام ہونے کے نتائج سامنے آنے میں ابھی وقت لگے گا۔
امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر اوکلینڈ کے ’یو سی ایس ایف بینوئف چلڈرن ہسپتال‘ کے ماہرین نے 44 سالہ برین میڈوکس کے جسم میں ہی ان کے ڈی این اے کی ایڈیٹنگ کی۔
برین میڈوکس کا تعلق ریاست ایریزونا سے ہے، اور وہ ’ہنٹر سینڈروم‘ نامی موروثی بیماری میں مبتلا ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ڈی این اے ایڈیٹنگ کے ذریعے زندگی محفوظ بنانا ممکن
امریکی خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹس پریس ‘اے پی‘ نے اپنی خبر میں بتایا کہ کیلیفورنیا کے ڈاکٹرز نے جین تھراپی ٹیکنیک کا استعمال کرتے ہوئے تاریخ میں پہلی بار ایک زندہ انسان کے جسم میں ہی اس کے ڈی این اے کی کوڈنگ کی ایڈیٹنگ کی۔
ماہرین نے برین میڈوکس کی رضامندی سے ہی ان کے جسم میں ڈی این اے ایڈیٹنگ کی۔
خبر رساں ادارے کے مطابق ماہرین نے (Intravenous therapy) کا استعمال کرتے ہوئے برین میڈوکس کے ڈی این اے میں سیکڑوں ایڈینٹنگز کی ہیں، جن کے نتائج آںے میں کم سے کم ایک ماہ کا وقت لگے گا۔