Dawn News Television

شائع 12 دسمبر 2017 08:02pm

ٹرمپ کے متنازع فیصلے کے بعد مزید دو فلسطینی جاں بحق

حماس نے دعویٰ کیا ہے کہ فلسطین میں غزہ کی پٹی میں اسرائیل کی جانب سے کی گئی کارروائی میں دو افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ اسرائیل نے اس بیان کو مسترد کردیا۔

اسرائیل کی سرحد سے متصل غزہ کے شمالی علاقے میں پیش آنے والے واقعے کے حوالے سے صورت حال غیر واضح ہیں۔

اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے فلسطین کے وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرا نے کہا کہ 'غزہ کے شمالی علاقے بیت الاحیہ میں اسرائیل نے کارروائی کے دوران ایک موٹر سائیکل کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہوگئے'۔

اشرف القدرا کا کہنا تھا کہ جاں بحق ہونے والے دونوں نوجوانوں کی عمریں 20 سال تھیں اور ان کی شناخت حسین غازی نصراللہ اور مصطفیٰ السلطان کے نام سے ہوئی ہے۔

اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ہسپتال میں لاشیں وصول کرنے کے لیے موجود اہل خانہ کا کہنا تھا کہ دونوں افراد دہشت گرد تنظیم دولت اسلامیہ (داعش) سے تعلق رکھتے تھے جنھوں نے 2014 میں اسرائیل سے ہونے والی خلاف جنگ میں حماس کے خلاف لڑائی کی تھی۔

خیال رہے کہ یہ ہلاکتیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بیت المقدس (یروشلم) کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے متنازع فیصلے کے بعد پیش آئی ہیں جبکہ فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوج کے دوران جھڑپوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

مزید پڑھیں:غزہ میں اسرائیلی طیاروں کی بمباری، 2 افراد جاں بحق

قبل ازیں امریکی صدر کے فیصلے کے بعد ہونے والی جھڑپوں کے نتیجے میں اب تک حماس کے دو کارکنوں سمیت غزہ سے تعلق رکھنے والے 4 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

اسرائیلی کی جانب سے غزہ سے راکٹ فائر کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کارروائی کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہوئے تھے جبکہ دو افراد جھڑپوں کے دوران جاں بحق ہوئے تھے۔

Read Comments