Dawn News Television

شائع 20 جنوری 2018 12:45am

یاداشت کے لیے بہترین غذائیں

اپنی غذا میں پالک اور انڈے کی زردی کے استعمال کو زیادہ کرکے درمیانی عمر میں یاداشت کو اچھا رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

الینوائے یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق ان غذاﺅں میں پائے جانے والا جز لیوٹین چیزوں اور معلومات کو بہتر طریقے سے یاد رکھنے میں مدد دیتا ہے جو کئی برس پہلے سے ذہن میں ہوتی ہیں۔

مزید پڑھیں : یاداشت کو بہتر بنانے کا آسان اور موثر طریقہ

تحقیق کے مطابق یہ جز دماغ کو تحریک دیتا ہے اور اس حصے کو تحفظ فراہم کرتا ہے جو یاداشت کو کنٹرول کرتا ہے۔

اس تحقیق کے دوران 65 سے 75 سال کی عمر کے 122 افراد کا جائزہ لیا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ جن لوگوں کے خون کے نمونے میں لیوٹین کی مقدار زیادہ ہوئی وہ یاداشت کے ٹیسٹ میں زیادہ بہتر کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہے۔

تحقیق کے مطابق لیوٹین سے بھرپور غذائیں دماغی ساخت پر اثرانداز ہوتی ہیں اور مختلف دماغی حصوں کو ورم وغیرہ سے متاثر نہیں ہونے دیتیں۔

یہ بھی پڑھیں : دوپہر کو کچھ دیر کی نیند یاداشت 5 گنا بہتر بنائے

اس سے قبل مختلف طبی رپورٹس میں یہ بات بھی سامنے آئی تھی کہ لیوٹین سے بھرپور غذائیں بینائی میں کمی کے حوالے سے بھی مددگار ثابت ہوتی ہیں۔

یہ غذائیں عمر کے ساتھ آنکھوں میں آنے والی تنزلی کی روک تھام کرتی ہیں۔

یہ نئی تحقیق طبی جریدے جرنل فرنٹیئر ان ایجنگ نیورو سائنسز میں شائع ہوئی۔

Read Comments