Dawn News Television

شائع 21 مارچ 2018 08:56pm

اس غذا کا زیادہ استعمال جگر کے امراض کا خطرہ بڑھائے

اگر تو آپ کو سرخ گوشت کھانا پسند ہے تو اس کا زیادہ استعمال جگر کے جان لیوا امراض کا باعث بن سکتا ہے۔

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

حیفہ یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ سرخ یا پراسیس شدہ گوشت کھانے کی عادت نان الکحلک فیٹی لیور ڈیزیز (این اے ایف ایل ڈی) کا خطرہ بڑھا سکتی ہے۔

مزید پڑھیں : جگر کے امراض کی 9 علامات

تحقیق کے مطابق جگر کا یہ مرض میٹابولک سینڈروم کا جز سمجھی جاتی ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ عام طور پر بہت زیادہ گوشت کھانے والے افراد نوجوان مرد ہوتے ہیں، جن کا جسمانی حجم زیادہ جبکہ میٹابولک پروفائل بدتر ہوتی ہے۔

اسی طرح ایسے افراد جو بڑی مقدار میں گوشت کو غیرصحت مند طریقوں جیسے تلنے یا گرل کرکے کھانا پسند کرتے ہیں، ان میں بھی ورم کی سطح بڑھ جاتی ہے جس سے انسولین کی مزاحمت پیدا ہوتی ہے جو آگے بڑھ کر جگر کے امراض کی شکل بھی اختیار کرلیتی ہے۔

تحقیق کے مطابق غیرصحت مند مغربی طرز زندگی جگر کے اس مرض کی وجہ بن رہا ہے جس کی وجہ جسمانی سرگرمیوں سے دوری جبکہ چربی کا بہت زیادہ مقدار میں استعمال ہے۔

یہ بھی پڑھیں : جگر کو امراض سے کیسے بچائیں؟

محققین کا کہنا تھا کہ سرخ اور پراسیس شدہ گوشت جگر کے امراض کا خطرہ بڑھاتا ہے۔

تحقیق کے دوران 375 رضاکاروں کو دیکھا گیا جن میں انسولین کی مزاحمت اور جگر کے امراض کے درمیان تعلق کو دیکھا گیا اور یہ بھی جانا گیا کہ وہ سرخ گوشت کا استعمال کتنا کرتے ہیں۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ سرخ گوشت کے زیادہ استعمال، انسولین کی مزاحمت اور جگر کے امراض کے درمیان واضح تعلق موجود ہے۔

Read Comments